ہم کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں وزیرخارجہ

کشمیر کے مسئلے پردنیا کوجاگنا ہوگا،شاہ محمودقریشی کی امریکی سینیٹرکے ہمراہ پریس کانفرس


Numainda Express October 06, 2019
کشمیر کے مسئلے پردنیا کوجاگنا ہوگا،شاہ محمودقریشی کی امریکی سینیٹرکے ہمراہ پریس کانفرس۔ فوٹو:فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے ہے جب کہ ہم کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین کے ہمراہ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹر کرس وارن ہالین ان 4امریکن سینیٹرز میں سے ایک ہیں جنھوں نے صدر ٹرمپ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بھارتی جارحیت کے خلاف خط لکھا، حقائق جاننے کیلیے سینیٹر کرس وارن ہالین پہلے انڈیا گئے جہاں انھیں جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا جب امریکی کانگریس کے ایک منتخب رکن کو جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا تو آپ خود جانتے ہیں کہ انڈیا دنیا کے سامنے کیا چھپانا چاہتا ہے، میں امریکی صدر ، سینیٹر کرس وارن ہالین اور امریکی سفیر کا کشمیرکے بارے میں موقف پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین سینیٹ میں بل پیش کریں گے اور امریکا کی فارن ریلیشنز کمیٹی میں کشمیر سے متعلق بل میں ترمیم کرائیں گے، پاکستان امریکی سینیٹر اور وفد کو دعوت دیتا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں، پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے ہے ، ہم کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں ، ہم کشمیر کے مسئلہ پر دنیا کو جگانا چاہتے ہیں ۔

امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین نے کہاکہ دنیا کو کشمیر میں اور ایشیا میں جو ہورہا ہے معلوم ہے، میں انڈیا سے پاکستان پہنچا ہوں، مجھے جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔