کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری غیر ملکیوں سمیت 133 افراد گرفتار

پٹھان کالونی میں آپریشن کے دوران غیر ملکی بھی پکڑا گیا، گلشن بونیر سے کالعدم تنظیموں کے کارکن گرفتار


Staff Reporter October 07, 2013
کراچی: پٹھان کالونی میں رینجرزکے ٹارگٹ آپریشن کے دوران گرفتارہونے والے ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والا اسلحہ رینجرز کی تحویل میں ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس اور رینجرز نے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز، بھتہ خور اور غیر ملکیوں سمیت 133ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث 5 اہم ملزمان کو بھی گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی سٹی شیراز نذیر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر محمد فاروق کشمیری ولد جمال دین کشمیری ، محمد زبیر ولد محمد شفیق محمد اخلاق احمد ولد محمد ذوالفقار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹارگٹ کلر محمد فاروق ٹارگٹ کلنگ کی 7 وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم نے جعفر ، قادر ، یاسر میمن، انور ، جاوید اور صدر کالعدم تنظیم امن کمیٹی غلام نواز کو گھر میں گھس کر قتل کیا جبکہ ملزم نے اکرم بلوچ کے بھتیجے کو بھی اغوا کیا تھا۔گرفتار ٹارگٹ کلر محمد زبیر ولد محمد شفیق نے اپنے دیگر ساتھیوں سلیم ، راجو ، حسین اور محمود کے ساتھ مل کر3 افراد کو قتل کیا جبکہ ملزم نے2 افراد سلیم ، محمود بھائی اور راجو کو بھی قتل کیا۔ ایس ایس پی سٹی شیراز نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بھتے کی پرچیاں دینے اور مخالفین کی ریکی کرنے اور بعد میں انھیں قتل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

ساؤتھ پولیس نے2 بھتہ خوروں جاوید علی ولد لیاقت علی اور محمد اصغر شیخ ولد محمد اکبر شیخ اور ابراہیم حیدری پولیس نے4 مفرور ملزمان فیضان ولد محمد حنیف ، جام زمان ولد محبوب اور مہریب عرف کالو ولد محبوب اور اعجاز عرف کالوکو گرفتار کیا، تمام ملزمان سنگین وارداتوں میں ملوث ہیںجبکہ ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے44 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے10پستول ، ایک کار ، ایک موبائل فون 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں4 اشتہاری اور 16مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔ سائوتھ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے33 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان کے قبضے سے3 پستول ،3 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں ۔



ادھر رینجرز کی بھاری نفری نے علی الصباح پٹھان کالونی اور گلشن بونیر میں داخل ہونے کے بعد داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرنے کر کے گھر گھر تلاشی شروع کردی ، اس دوران کسی بھی شخص کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز کے کمانڈوز اور لیڈی سرچر بھی موجود تھیں جبکہ پٹھان کالونی اور گلشن بونیر میں دکانیں اور کاروبار مکمل طور پر بند تھا ۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز نے پٹھان کالونی میں ٹارگٹڈ کرتے ہوئے غیر ملکی سمیت 12جرائم پیشہ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ گلشن بونیر سے کالعدم تنظیموں کے ملزمان سمیت12 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے افراد کے قبضے سے مختلف اقسام کے38 ہتھیار بھی ملے۔

رینجرز نے فرنٹیئر کالونی ، سنگو لین ، سو کوارٹرز سیکٹر I/L سر جانی ، الطاف نگر ، نیو کراچی ، چشتی نگر ،سنگو لین ، رام سوامی ، شاہ فیصل کالونی ، موسیٰ لین ، گلبہار ، حیدری میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے دائود ریجینسی ، گڈاپ ٹائون سیکٹر 4بلدیہ ٹائون ، میں اسنیپ چیکنگ کے دوران 23جرائم پیش عناصر کو حراست میں لے لیا، حراست میں لیے جانے والے ملزمان سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔ دریں اثناترجمان سندھ پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 91چھاپہ مار کارروائیوں اور 6پولیس مقابلوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 161جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے ، اور گرفتار ملزمان میں5ٹارگٹ کلرز، 20ڈکیت ، اور 89مفرور ملزمان شامل ہیں, ترجمان سندھ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 27 ہتھیار اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں