جنرل کیانی نے بروقت درست فیصلہ کیا پیپلز پارٹی افواہیں دم توڑ گئیں تحریک انصاف

حکومت نئے آرمی چیف کا اعلان کردے، امین فہیم، تقرری سنیارٹی کی بنیاد پر ہو، ترین

آرمی چیف کے فیصلے کو سراہتے ہیں،خورشید شاہ،خیرمقدم کرتے ہیں،جہانگیرترین۔فوٹو:فائل

KARACHI:
ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ یہ ایک مستحسن و بروقت فیصلہ ہے کیو نکہ شخصیات نہیں بلکہ ادارے اہمیت رکھتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق مخدوم امین فہیم نے کہا کہ حکومت کو نئے چیف آف آرمی اسٹاف کا اعلان کردینا چاہیے۔ 'ایکسپریس' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھی اس فیصلہ کو سراہتے ہویٔے کہا کہ جنرل صاحب نے ملک میں گو مگو کی کیفیت کا خاتمہ کر دیا، یہ اچھا فیصلہ ہے، تمام افواہیں دم توڑ گئے ہیں، اس فیصلے سے اداروں کو استحکام ملا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست ہے۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے آرمی چیف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قابل تحسین بات ہے کہ پاک فوج کے سربراہ نے ادارے کی روایات کو ترجیح دی ہے، ان کے اس بیان سے تمام افواہوں کا خاتمہ ہوگا، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سنیارٹی کے مطابق سینئر موسٹ جنرل کو آرمی چیف مقرر کرے۔ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹرمہرالنسا اور شیریں مزاری نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سسٹاف نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرکے بہت اچھا کیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ اگر آرمی چیف کو دوبارہ توسیع دی جاتی تو بے شمار مسائل پیدا ہوسکتے تھے، اسلیے ہم سمجھتے ہیںکہ یہ بہتر فیصلہ ہے۔




ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مشکل حالات کا سامنا کیا، کیانی اور انکے تمام ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے جنرل کیانی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے فوج کے ادارے پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے، انھوں نے انتہائی دانشمندی کا ثبوت دیاہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ آرمی چیف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان ایک مثالی فیصلہ ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین ، سیکریٹری اطلاعات فرخندہ ملک، نائب صدر مسز عرفان نے کہا کہ پاکستان میں اگر فیصلے میرٹ پر ہوں تو ملک میں کبھی مارشل لا نافذ نہ ہو۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے جنرل کیانی کی طرف سے ریٹائرمنٹ کا اعلان خوش آئند ہے، نیا آرمی چیف ایسا ہونا چاہئے جو خودمختار عسکری پالیسی بنائے۔ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر اور ترجمان حافظ خالد شہزاد فاروقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست ہے۔
Load Next Story