کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی پر شامی حکومت تعریف کی حقدار ہے امریکی وزیر خارجہ
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کے معاہدے پر عمل کرنے پر شام کی حکومت تعریف کی حقدار ہے۔
انڈونیشیا میں اپنے روسی ہم منصب سرگے لاروف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کا کام انتہائی قلیل وقت میں شروع ہوا جس کے لئے تعاون کرنے پر وہ روس اور شام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کا کام اقوام متحدہ کی قرارداد کی منظوری کے ایک ہفتے بعد ہی شروع کردیا گیا جو قابل ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی پر شام کے صدر بشارالاسد تعریف کے مستحق ہیں، یہ ایک اچھا آغاز ہے جس کا امریکا خیر مقدم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شام میں عالمی ماہرین کی ٹیم کی جانب سے کیمائی ہتھیاروں کی تلفی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں شام کے میزائلز اور کیمیکل بموں کو تلف کیا جائے گا۔