پانچ نوجوانوں کے شارٹ ٹرم اغوا میں ملوث 4 پولیس اہلکار گرفتار

19ستمبرکی رات وقاراور4 پولیس اہلکاروں نے نعمان ایونیوکی پارکنگ سے 5 نوجوانوںکو اغواکیا، موبائل فون اور رقم لوٹ لی


Staff Reporter October 07, 2019
شاہراہ فیصل تھانے میں تعینات 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے7 روزکیلیے کوارٹر گارڈ کر دیا گیا، ایس پی گلشن انکوائری افسر مقرر۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کے اہلکار مختصر مدت کے اغوا کی وارداتیں (شارٹ ٹرم کڈنیپنگ) بھی کرنے لگے شاہراہ فیصل تھانے میں تعینات 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرکے7 روز کے لیے کوارٹر گارڈ کردیا گیا۔

راشد مہناس روڈ پر نعمان ایونیوکے رہائشی 5 نوجوانوں عمیراحمد ،یاسرعرفات ،سید شعیب علی ،محمد خالد اورحماد نور کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو درخواست دی گئی تھی جس میں نوجوانوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ19ستمبر رات 3 بجے کے قریب پولیس اہلکار وقار سمیت 4 اہلکاروں نے انھیں فلیٹ کے بلاک اے کی پارکنگ سے حراست میں لیا اور انھیں گلشن جمال کے خالی پلاٹ پر لے گئے پولیس اہلکاروں نے پولیس مقابلے کی دھمکی دے کر ہمیں دھمکایا اور زدوکوب کرنا شروع کردیا۔

پولیس اہلکاروں نے ان کے موبائل فونز اور پرس نکال کر اپنے پاس رکھ کیے اور رقم بھی نکالی اسی دوران یاسرکے موبائل فون پر عمیرکا فون آیا تو پولیس اہلکاروں نے اسے بھی نعمان ایونیو بلانے کا کہا اورنہ بلانے پر مقابلے میں قتل کرنے کی دھمکی دی، عمیر کی کال آئی تو پولیس اہلکار وقار ہم چاروں کو لے کر نعمان ایونیو لے گیا، وہاں سے عمیر کو بھی پولیس موبائل میں بٹھا لیا اورہم3 دوستوں شعیب، خالد اورحماد کو اتاردیا اور کہاں اگر کسی کو بتایا تو ہاف فرائی کردیں گے۔

پولیس اہلکار یاسر اور عمیرکو پھر خالی پلاٹ پر لے گئے، عمیرکوبرہنہ کرکے تلاشی لی جیب سے 10ہزار روپے ، موبائل فون، پرس نکال لیا دونوں پر تشدد کیا گیا، پولیس اہلکاروں نے عمیراوریاسرکے اے ٹی ایم کارڈز نکالے اورپولیس اہلکار وقار یاسر کوجوہرموڑ لے گیا جہاں اے ٹی ایم مشین سے 7ہزار روپے نکالے اور پھر ڈرگ روڈ کینٹ بازار کے قریب اے ٹی ایم مشین سے عمیر کے کارڈ سے25 ہزار روپے نکلوائے، پولیس اہلکاروں نے جوہرموڑ کے قریب لے جاکر یاسر اور عمیر کو چھوڑدیا اور کہا کہ اگریہ بات کسی کو بتائی تو ان کاؤنٹر کردیا جائے گا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفرمہیسرنے بتایا کہ دوروز قبل یہ بات علم میں آئی تھی واقعے میں ملوث چاروں پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل شکیل احمد،کانسٹیبل شکیل، محمد اویس اور وقارکوگرفتار کرکے 7 روز کے لیے کوارٹر گارڈ کردیا گیا ہے۔

ایس پی گلشن اقبال شاہ نواز چاچڑ انکوائری افسر مقرر کردیے گئے ہیں ایسی سرگرمیوں میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایسی کاروائی کی جائے گی پولیس میں ایسی کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے متاثرہ نوجوانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں