قائد اعظم ٹرافی سندھ کیخلاف عامر یامین اور عرفان نے سنچریاں جڑ ڈالیں

سدرن پنجاب نے 546 رنزجوڑ لیے، میزبان کا 90پر 1 آؤٹ، سینٹرل پنجاب سے میچ میں خیبرپختونخوا کے484 رنز


Sports Desk October 07, 2019
سدرن پنجاب نے 546 رنزجوڑ لیے، میزبان کا 90پر 1 آؤٹ، سینٹرل پنجاب سے میچ میں خیبرپختونخوا کے484 رنز۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: قائد اعظم ٹرافی میچز میں دوسرے دن بھی بولرز کی آزمائش جاری رہی جب کہ سندھ سے میچ میں آل راؤنڈر عامر یامین اور عرفان جونیئر کی سنچریوں سے تقویت ملنے پر سدرن پنجاب نے 546 کا بڑا مجموعہ ترتیب دے دیا۔

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں دوسرے دن ایبٹ آباد اسٹیڈیم پر سینٹرل پنجاب کیخلاف خیبرپختونخوا کا غلبہ رہا، 2 وکٹ 305 رنز سے دوسرے دن کی شروعات کرنیو الی خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز 5 وکٹ 484 پر ڈیکلیئرڈ کردی، اشفاق احمد نے 173 رنز بناکر پویلین کی راہ لی،کپتان محمد رضوان 128 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، عادل امین 58 پر ناقابل شکست رہے، اسرار اللہ 43رنز بناکر نمایاں رہے، نسیم شاہ نے 85رنز دیکر2 شکار کیے جبکہ ظفر گوہرکو ایک وکٹ مل پائی۔

سینٹرل پنجاب نے جوابی اننگز میں دن مکمل ہونے تک 14.1 اوورز میں 2 وکٹ پر 45رنز بنالیے، کپتان اظہرعلی22رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد سعد 19 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، ثمین گل اور جنید خان نے ایک ایک شکار کیا۔

یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ سے میچ میں آل راؤنڈر عامر یامین اور عرفان جونیئر کی سنچریوں سے تقویت ملنے پر سدرن پنجاب نے 546 کا بڑا مجموعہ ترتیب دے دیا، عامر یامین 142 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، عرفان نے 101رنز بناکر حریف بولرز کے صبر کا امتحان لیا، ابتدائی دن کپتان شان مسعود (118) اور صہیب مقصود (57) نمایاں رہے تھے، فواد عالم ، تابش خان اور سہیل خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سندھ نے جواب میں 36 اوورز کے ممکنہ کھیل میں 1وکٹ پر 90رنز اسکور بورڈ پر جوڑلیے، ان فارم بیٹسمین عابد علی42رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ وکٹ کے دوسرے اینڈ پر عمیر بن یوسف (5) موجود ہیں، خرم منظور36رنز بنانے کے بعد لیفٹ آرم پیسر راحت علی کے بچھائے ہوئے جال میں پھنس گئے۔

کے آر ایل اسٹیڈیم پر کم روشنی کے سبب جلد ختم ہونے والے کھیل میں بلوچستان نے2 وکٹ پر 119 رنز بنالیے،عظیم گھمن7رنز بناسکے، عمران بٹ اور ابوبکر نے دوسری وکٹ کیلیے 110 کی ساجھے داری بناکر ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا، ابوبکر50 رنز بناکر اسپنر نعمان علی کا شکار بنے،عمران بٹ 58 پر ناٹ آؤٹ ہیں، عمران فرحت 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ناردرن کی ٹیم 105.4 اورز میں 450 کا مجموعہ ترتیب دیکر آؤٹ ہوئی، ان کی اختتامی 5وکٹیں ٹوٹل میں 85 رنز کا اضافہ ہی ممکن بناپائیں، فیضان ریاض 141 پر ہمت ہارگئے، نعمان علی نے 21رنز اسکورکیے، عماد بٹ نے 57رنز دیکر3 شکار کیے، محمد اصغر ، یاسر شاہ اور تاج ولی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں