پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بھارتی بیان مسترد کردیا

بھارت ایشیا پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کررہا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق پروسیڈنگز پر اثر انداز ہورہا ہے، ترجمان

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کردیا۔

اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے، بھارت ایشیاء پیسفک گروپ میں اپنی معاون چیئرمین شپ کا غلط استعمال کررہا ہے اور ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق پروسیڈنگز پر اثر انداز ہورہا ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے، پاکستان اس سلسلے میں اپنے تحفظات رکن ممالک کے سامنے رکھ چکا ہے، توقع ہے ارکان بھارت کی معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو مسترد کردیں گے اور بھارت کی ان گمراہ کن سازشوں میں نہیں آئیں گے۔

واضح رہے بھارتی وزیر دفاع نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی وقت بلیک لسٹ ہوجائے گا۔
Load Next Story