ہائیکورٹ میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کیخلاف درخواست دائر

2 رکنی بینچ نے درخواست منظورکرکے سماعت کے لیے 10اکتوبر کی تاریخ مقررکردی ہے۔


Staff Reporter October 08, 2013
شہر میں پولیس اور سیاسی جماعتوں کی مبینہ سرپرستی میں غیرقانونی مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں، درخواست گزار۔ فوٹو: آئی این پی / فائل

عدالت عالیہ نے شہر میں سیاسی جماعتوں اور پولیس کی سرپرستی میں قائم غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف درخواست منظور کرکے سماعت کیلیے 10اکتوبرکی تاریخ مقرر کردی۔

جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، سماجی کارکن رانا فیض الحسن نے درخواست میں کے ایم سی اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ شہر بھر میں پولیس اور سیاسی جماعتوں کی مبینہ سرپرستی میں غیرقانونی مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کو خوفناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلیے اقدامات نہیں کیے جارہے،محکمہ صحت نے گزشتہ دنوں سفارش کی تھی کہ کانگو اور ڈنگی وائرس پھیل رہا ہے۔



اس لیے غیرقانونی مویشی منڈیوں کی اجازت نہ دی جائے،شہر کے6 مقامات پر مویشی منڈی لگانے کی باقاعدہ اجازت دی گئی ہے جبکہ شہر بھر میں کم از کم150مقامات پر غیر قانونی مویشی منڈیاں لگادی گئی ہے،اکثر منڈیاں رہائشی علاقوں میں قائم کی گئی ہیں جس سے شہریوں کو جانوروں سے منتقل ہونے والے خطرناک وائرس کا خطرہ ہے جبکہ جانوروں کی غلاظت اور گندگی سے رہائشی علاقوں میں تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے، شہریوں کو نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا ہے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم جاری کرنے کے لیے 10اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں