روسی کمپنی ایکسپلوریشن سیکٹرمیں انویسٹمنٹ کی خواہشمند

پاورپلانٹس کیلیے مشینری بھی دے سکتے ہیں،قونصل جنرل، کراچی چیمبرسے خطاب

مارچ2014 میں کراچی ایکسپو سینٹر میں روس کی سنگل کنٹری نمائش منعقد کی جائے گی ، فوٹو فائل

دنیا کی سرفہرست روسی ایکسپلوریشن کمپنی نے پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے کے تحت خطیرسرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ پاکستان میں قدرتی گیس کے ذخائر تیزرفتاری کے ساتھ تلاش کرکے جاری توانائی بحران پر قابو پایا جاسکے۔

یہ بات کراچی میں تعینات روس کے قونصل جنرل اولیگ این ایوڈیو نے پیرکو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عامرعبداللہ ذکی ودیگر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ روسی قونصل جنرل کہا کہ روس اور پاکستان کے ساتھ قدرتی گیس کی تلاش، شعبہ توانائی اورریلوے کی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ تعاون فراہم کرنے کے تیار ہے اور ان شعبوں کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، پاکستان میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے روس پاکستان کو پاور پلانٹس کیلیے مشنری ایکوئپمنٹس بھی فراہم کرسکتا ہے۔

روسی قونصل جنرل نے بتایا کہ مارچ2014 میں کراچی ایکسپو سینٹر میں روس کی سنگل کنٹری نمائش منعقد کی جائے گی جبکہ جون2014 میں ہونے والی کراچی چیمبر کی مائی کراچی نمائش میں روس اپنا علیحدہ پویلین لگائے گا جس میں 20 سے زائد روسی کمپنیاں شرکت کریں گی۔




اس موقع پرپاک روس بزنس فورم کے ایسوسی ایٹ پیٹرن الیکسی اے اسٹریکالوف نے کہا ہے کہ روس کی 3 بڑی معروف کمپنیاں پاور سیکٹر،آئی اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور ریلوے میں مہارت رکھتی ہیں اور ان روسی کمپنیوں کو پاکستان میں مذکورہ پروجیکٹس میںسرمایہ کاری کیلیے مالیاتی طور پر مستحکم اور اچھی ساکھ کے حامل شراکت داروں کی ضرورت ہے اور روس پاکستان کے ساتھ اکنامک تعلقات کو وسیع کرنے کا خواہشمند ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت کو بڑھانے کیلیے سرکاری اور نجی سطح پر تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔

کراچی چیمبر کے صدرعامرعبداللہ ذکی نے کہا کہ فی الوقت پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تجارت کا حجم قابل ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روسی ٹیکسٹائل مشینری پلانٹس ودیگر آلات کی کھپت بڑھ سکتی ہے جبکہ روسی مارکیٹ میں پاکستانی چاول پھلوں سمیت دیگر مصنوعات کی کھپت کے واضح امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان پریفریشنل ٹریڈ ایگریمنٹ اورفری ٹریڈ ایگریمنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
Load Next Story