سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

سری لنکا کے 148 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنزہی بنا سکی

میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فوٹو: پی سی بی

سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

نو آموز سری لنکن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم گرین شرٹس کے خلاف 0-3 سے فتح حاصل کرلی، قومی ٹیم کے لیے ٹی ٹوئنٹی سیریز ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی، ہوم گراؤنڈ پر بدترین کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

کم تجربہ کار کھلاڑیوں کے سامنے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر فیل ہوگئی،سیریز میں پے در پے ناکامیوں کے باعث پست حوصلہ بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور 148 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنزہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، جارح مزاج بیٹسمین فخرزمان پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ پر 76 رنز جوڑے لیکن وہ مطلوبہ رن ریٹ کے حساب سے اسکور میں اضافہ نہ کر سکے جس سے بیٹنگ لائن پر دباؤ بڑھ گیا، بابر اعظم نے 32 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس میں صرف ایک چوکا شامل تھا جب کہ 94 کے مجموعے پر حارث سہیل بھی چلتے بنے، انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔



حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو 29 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اور خیال یہ کیا جارہا تھا کہ کپتان سرفراز احمد دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پاور ہٹرز آصف علی اور افتخار احمد کا استعمال کریں گے تاہم وہ خود بیٹنگ کے لیے آئے اور عماد وسیم کے ساتھ مل کر مشن امپاسیبل شروع کردیا، عماد وسیم کپتان کی امیدوں پر پانی پھیر گئے اور 5 گیندوں پر 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اگلے ہی اوور میں آصف علی چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر کیچ تھما بیٹھے جب کہ اسی اوور کی آخری گیند پر کپتان سرفراز احمد بھی میدان چھوڑ گئے، وہ 17 رنز ہی بنا سکے، ساتویں وکٹ پر افتخار احمد اور وہاب ریاض نے 23 رنز کا اضافہ کیا جو بے سود ثابت ہوا اور قومی ٹیم کا سفر 134 رنز پر اختتام پذیر ہوگیا۔آئی لینڈرز کی جانب سے ڈی سلوا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 شکار کیے جب کہ کمارا نے 2 اور راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہاسارنگا کو میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا.


قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ ابتدا میں گرین شرٹس کے بولرز نے قدرِ اچھی بولنگ کرتے ہوئے 58 رنز پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا جس کے بعد پانچویں وکٹ پر کپتان شناکا اور فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے مجموعے کو 134 تک پہنچایا، اس دوران فرنینڈو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جب کہ فیلڈرز نے کیچز بھی چھوڑے۔



فرنینڈو ایک اینڈ پر ڈٹ کر کھڑے رہے اور وکٹ کے چاروں جانب کھل کر اسٹروکس کھیل کر تیزی سے رنز میں اضافہ کرتے رہے، وہ 48 گیندوں پر 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 8 دلکش چوکے اور 3 شاندار چھکے شامل تھے۔ سری لنکا کی جانب سے گناتھیلکا 8، سمارا اوکراما 12، راجا پکسیا 3، پریرا 13، شناکا 12، مدوشانکا 1 اور ڈی سلوا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کے سب سے کامیاب بولر محمد رہے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



 

 
Load Next Story