وزیراعظم کی مصروفیات چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ پھر مؤخر

نوازشریف اہم عسکری تقرریوں پر مشاورت کررہے ہیں، اسحق ڈار امریکا چلے گئے

عیدالاضحی کے بعد ہی کوئی فیصلہ ممکن ہے، اس عہدے کیلیے 4 نام زیر غور ہیں ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی مصروفیات اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈارکی امریکا روانگی کی وجہ سے چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔

اب قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ کی تقرری عید کے بعد ہی ممکن ہوسکے گی۔ پیر کو ذمے دار حکومتی ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی تقرری کیلیے حکومت اور اپوزیشن کے سامنے 2 سابق ججوں جسٹس (ر) میاں محمد اجمل ، جسٹس (ر) اعجاز چوہدری اور 2 سابق بیوروکریٹس شوکت حیات درانی اور عبدالرؤف چوہدری کے نام زیر غور ہیں۔




وزیراعظم کی مسلسل مصروفیات کے باعث 2 مرتبہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات منسوخ کی جاچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحق ڈار کی امریکا روانگی کی وجہ سے دونوں رہنماؤں کے درمیان رواں ہفتے میں ملاقات کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں ۔

سینیٹر اسحق ڈار سابقہ تمام ملاقاتوں میں موجود رہے ہیں اور وزیراعظم کے دورہ امریکا کے دوران بھی وہ قائد حزب اختلاف سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں ۔حکومتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں وزیراعظم اعلیٰ عسکری قیادت کی تعیناتی کیلیے مشاورت میں مصروف ہیں جبکہ اس کے بعد عید الاضحی کی تعطیلات اور بعد ازاں وزیراعظم کے دورہ امریکا کی وجہ سے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہونا خاصا مشکل ہے۔
Load Next Story