LAYYAH:
ورلڈ اسنوکر چمپئن شپ میں ایران کو شکست دےکر فاتح بننے والی پاکستانی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ اسنوکر چمپئن محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کے لیے مزید ٹائٹل جیتتے رہیں گے
ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ ملک کے لیے کھیلیں اور ملک کا نام روشن کریں۔محمد آصف نے کہا کہ ایونٹ میں کوچ کی طرف سے بہت مدد کی گئی اور فائنل میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بہت حوصلہ دیا اسی طرح ہماری مدد اور حوصلہ افزائی جاری رہی تو ایسے ہی کامیابیاں سمیٹتے رہیں گے۔ محمد آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پلیئرز کی کوئی سرپرستی نہیں کی جاتی،حکومت سرپرستی کرےاورانعامات بروقت دیئے جائیں تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزئی ہو اور اسپورٹس میں نوجوان زیادہ محنت کریں۔محمد آصف کے ساتھی کھلاڑی سجاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے عالمی چمپئن شپ کا ٹائٹل جیت کر بہت خوشی ہوئی ٹورنامنٹ میں ہم دونوں کی اچھی کارکردگی رہی ٹائٹل جیتنا پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے،محمد سجاد کا کہنا تھا کہ کوچ کا ہونا بہت ضروری ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی نسبت جونیرکھلاڑیوں کو کوچ کی بہت ضرورت ہے۔ چمپئن ٹیم کے کوچ منور شیخ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹائٹل جیتنے پر بہت خوش ہیں دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا،منور شیخ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ جیت کےبعد حکومت کی طرف سے کوئی بھی مبارکبادی پیغام نہیں آیا۔