ریلوے کے معاملات درست کرنے کے لئے انقلابی اور عملی اقدامات کر رہے ہیں شہباز شریف

پنجاب حکومت اور ریلوے کے مابین مختلف امور طے کرنے کے لئے مشترکہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک October 08, 2013
پنجاب حکومت اور ریلوے کے مابین مختلف امور طے کرنے کے لئے مشترکہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نےکہا ہے کہ ریلوے کے معاملات درست کرنے کے لئے انقلابی اور عملی اقدامات کر رہے ہیں، وزیر ریلوے کی کاوشیں خوش آئند ہیں۔

وزیراعلی شہبازشریف سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی، جس میں ریلوے کی کارکردگی اور مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی، ملاقات میں صوبائی وزیر بلال یاسین، چیف سیکریٹری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، سلمان رفیق، ایم ڈی میٹرو بس اتھارٹی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکریٹری ریلوے پروین آغا، جنرل مینجر آپریشن ریلوے انجم پرویز، انسپکٹر جنرل ریلوے سید ابن حسین کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ریلوے کو تباہ کرکے رکھ دیا تھا، پنجاب حکومت اور ریلوے کے مابین مختلف امور طے کرنے کے لئے مشترکہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی امور طے کرکے اپنی حتمی سفارشات جلد پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ریلوے کراسنگ پر پھاٹک لگانے کے سلسلے میں ریلوے سے تعاون کیا جائے گا، ریلوے حکام پنجاب میں کوئلے سے پاور پلانٹ کے لئے کراچی سے کوئلہ لانے کے انتظامات میں پنجاب حکومت سے تعاون کریں، جبکہ شاہدرہ سے رائے ونڈ تک میٹرو ٹرین چلانےکے منصوبے کے لئے حتمی سفارشات تیار کی جائیں گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی تنظیم نو کر رہے ہیں، 110 دن میں ریلوے کو 2 ارب روپے سے زائد آمدن ہوئی ہے، جبکہ ہم 2 بار ریلوے کے کرائے بھی کم کر چکے ہیں، آئندہ چند دنوں میں کرایوں میں مزید کمی کریں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف امور طے کرنے کے لئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا، اس موقع پر جنرل مینجر آپریشن نے ریلوے کی کارکردگی اور مختلف مسائل کے بارے میں وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں