وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیرمین نیب کیلئے چوہدری قمرزمان کے نام پر اتفاق

چیرمین نیب کے لئے وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں تاہم آج چوہدری قمرزمان کے نام پر اتفاق ہوگیا


ویب ڈیسک October 08, 2013
چوہدری قمر زمان پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 3 سال سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ رہ چکے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان چیرمین نیب کے لئے چوہدری قمرزمان کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے چوہدری قمرزمان کے نام پر اتفاق کیا اور وزیر اعظم نے انہیں چیرمین نیب نامزد کردیا۔ اس سے قبل چیرمین نیب کی تقرری کے لئے ویزراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوچکی ہیں جن میں مختلف ناموں پر غور کیا گیا لیکن دونوں کے درمیان چیرمین نیب کے لئے کسی بھی نام پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا تاہم آج ٹیلی فونک رابطے کے دوران چوہدری قمر زمان کے نام پر اتفاق کرلیا گیا۔

فوج سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے چوہدری قمرزمان 1997 میں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں چیرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور کیپٹل ایڈمنسٹریشن ڈویژن کے سیکرٹری رہے جب کہ مشرف دور حکومت میں وزارت دفاع میں جوائنٹ سیکرٹری اور پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 3 سال سیکرٹری داخلہ رہے، جس کے بعد انہیں سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ مقرر کردیا گیا،موجود ہ حکومت میں انہیں دوبارہ سیکرٹری داخلہ مقرر کردیا گیا تھا، چوہدری قمر زمان دسمبر میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چوہدری قمر زمان کی شرافت اور ایمانداری کو ذاتی طور پر جانتا ہوں ان کے نام پر دوستوں کے ساتھ مشاورت کے حتمی نتیجے پر پہنچا ہوں امید ہے کہ وہ دیانت داری سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق ان سے مشاورت نہیں کی گئی لیکن اس حوالے سے شاہ محمود قریشی سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی نام نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ میں نہیں آئے ہوسکتا ہے کہ اس وجہ سے پارٹی رہنماؤں نے انہیں اعتماد میں نہ لیا ہو۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ چوہدری قمرزمان کے نام کے حوالے سے ان سے کسی بھی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی اس لیے وہ ان کے نام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں