احسان مانی اور وسیم خان آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلیے دبئی پہنچ گئے

پاکستان اور سری لنکن کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر پیش رفت کا امکان


Sports Reporter October 11, 2019
پاکستان اور سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر پیش رفت کا امکان

چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی کا اجلاس کل سے دبئی میں شروع ہورہا ہے، اس دو روزہ بورڈ اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان دبئی پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستان اور سری لنکن بورڈ حکام کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر پیش رفت ہونے کا امکان ہے، پاکستان نے سری لنکن بورڈ کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں ٹیسٹ کی لاہور اور کراچی میں میزبانی کی پیش کش کررکھی ہے۔

سری لنکن بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم بجھوانے کا اپنا عدہ پورا کیا ہے تاہم ٹیسٹ ٹیم بجھوانے کے حوالے سے انہوں نے محتاط رویہ اپنا رکھا ہے۔ ان کا موقف رہا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ختم ہونے کے بعد اس معاملے پر مزید بات چیت ممکن ہوسکے گی۔ ذرائع کے مطابق دبئی میں دونوں بورڈز حکام اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دوسری جانب پی سی بی عہدیدار بنگلہ دیش بورڈ حکام سے رواں ماہ مجوزہ بنگالی ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات کریں گے۔ پی سی بی نے بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹرز کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیاریاں شروع کررکھی ہیں تاہم مہمان بورڈ کی جانب سے ابھی تک اس دورے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جنوری میں بنگلہ دیش اور گرین شرٹس کے درمیان دو ٹیسٹ میچز بھی طے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ یہ سیریز بھی پاکستان میں ہو، سری لنکن ٹیم کے ساتھ کامیاب میچز کے انعقاد کے بعد پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ اب بنگلہ دیش اور دوسری غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے کےلیے قائل کرنے میں کافی آسانی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں