خیبر پختونخوا چیمبر کا گیس لوڈشیڈنگ پر ہڑتال کا انتباہ

صوبے کی پیداوار سرپلس ہے، لوڈشیڈنگ کی تو عدالت جائینگے،نئے کنکشن پر پابندی ہٹائی جائے


Khususi Reporter October 09, 2013
خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا گیس کا نیٹ ایکسپورٹر ہے اور 5 مقامات پر گیس ذخائر سے 510ایم ایم سی ایف گیس پیدا کر رہا ہے۔ فوٹو: فائل

MULTAN: خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ سے صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعتوں کو گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے اور فل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ محکمہ سوئی گیس نے پشاور ہائی کورٹ کے واضح حکم نامے کے باوجود صوبے میں گیس لوڈشیڈنگ کا عمل شروع کیا تو عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ صنعتوں، سی این جی اسٹیشنز اور تجارتی مراکزمیں ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

جس پر جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس ارباب ثاقب نے خیبر پختونخوا چیمبر کو صوبہ خیبر پختونخوا میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو فل پریشر کے ساتھ بلا تعطل گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ہے۔ گزشتہ روز جی ایم سوئی گیس پائپ لائن لمیٹڈ پشاور ارباب ثاقب نے خیبر پختونخوا چیمبر کادورہ کیا، اس موقع پر اجلاس کا انعقاد کیاگیا جس میں خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق، سابق صدور شرافت علی مبارک، ریاض ارشد، ملک نیاز احمد، چیمبر کی سوئی گیس اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین پرویز خٹک، چیمبر کی سی این جی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لقمان شاہ، چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حاجی محمد اقبال، فیض رسول، آصف خان، عبدالقادر، فضل واحد، عابد اللہ خان یوسفزئی، انجینئر مقصود انور پرویز، ضیاء الحق سرحدی، ذوالفقار علی خان، فیض محمد فیضی، ملک محمد علی سوہنی، حاجی بخت محمد اور خان گل اعوان سمیت صنعتکاروں اور سی این جی اسٹیشنز مالکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا گیس کا نیٹ ایکسپورٹر ہے اور 5 مقامات پر گیس ذخائر سے 510ایم ایم سی ایف گیس پیدا کر رہا ہے جبکہ صوبے کا استعمال 180ایم ایم سی ایف سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سرپلس ہونے کے باوجود نئے صنعتی کنکشنز پر پابندی عائد کی گئی ہے، دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبے میں صنعتکاری کے فروغ کے لیے گیس کے نئے کنکشنز اور فل پریشر سے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔



انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس اپنے لائن لاسز پورے کرنے کے لیے گیس پریشر میں کمی کرتا ہے۔ انہوں نے کمپریسر پمپنگ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہاکہ جو صنعتیں اپنے لوڈ میں اضافہ کرنا چاہتی ہیں انہیں اس کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے میٹر کی خرابی کی صورت میں 7 دن کے اندر نیا میٹر لگانے اور میٹر اتارتے وقت اور لیبارٹری میں چیک کرتے وقت مالک کی موجودگی کے عمل کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جی ایم سوئی گیس ارباب ثاقب نے کہا کہ صنعتوں کو گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی وفاقی حکومت نے لگائی ہے اور خیبر پختونخوا چیمبر اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے سامنے معاملہ اٹھائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی جانب سے گیس کے معاملات کے حل کے لیے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ گیس کنکشنز، گیس پریشر اور دیگر تحفظات کے حوالے سے چیمبر کے ممبران کے ساتھ جی ایم سوئی گیس اور جی ایم سیلز کی میٹنگ کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جی ایم سوئی گیس نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدرزاہداللہ شنواری اور ممبران ریاض ارشد، ملک نیاز احمد اور نعمان وزیر کی تجویز پر گیس کی پیداوار اور استعمال سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے جوائنٹ سروے کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ محکمہ سوئی گیس خیبر پختونخوا چیمبر کے ساتھ مل کر صحیح اعداد و شمار اکٹھا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ریاض ارشد، ملک نیاز احمد، شرافت علی مبارک، پرویز خٹک، لقمان شاہ، ذوالفقار علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور گیس سے متعلق مسائل بیان کیے اور ان کے حل کے لیے سفارشات بھی پیش کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں