بورڈ حکام کپتانی کے حوالے سے تذبذب کا شکار

شکست سے سرفرازپردباؤ بڑھ گیا،آسٹریلیا میں برقراررکھنے کا ہی امکان


Saleem Khaliq October 11, 2019
بابرذمہ داری سنبھالنے کیلیے تیار نہیں لگتے،ٹیسٹ میں فوادکی واپسی پربات ، فوٹو: پی سی بی

BAL NIGWAR: بورڈ حکام کپتانی کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہوگئے اور ہوم سیریز میں کلین سوئپ سے سرفراز احمد پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا۔

پی سی بی نے سرفراز احمد کو صرف سری لنکا سے سیریز کیلیے کپتان برقرار رکھا تھا، ٹی20میں کلین سوئپ سے اب ان پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

انفرادی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، بورڈ حکام مناسب متبادل نہ ہونے کے سبب اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں، بابر اعظم کو ہوم سیریز میں نائب کپتان بنایا گیا مگر ان کی اپنی کارکردگی متاثر ہو گئی اور وہ تین میچز میں محض 43رنز ہی بنا سکے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے قیادت میں تبدیلی کے آپشن پر بات کی مگر فی الحال مشکل دورئہ آسٹریلیا میں کسی نئے تجربے سے گریز پر ہی اتفاق ہوا، امکان یہی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں سرفراز ہی کپتانی کریں گے،کوچ مصباح الحق کی خواہش ہے کہ کپتان کا طویل المدتی تقرر کیا جائے البتہ سرفراز کی پرفارمنس بورڈ کو یہ فیصلہ کرنے سے روک رہی ہے۔

آسٹریلیا میں نتائج اچھے نہ رہے تو بنگلہ دیش سے سیریز میں بابر کے سر پر قیادت کا تاج سج سکتا ہے،ادھرکینگروز سے ٹیسٹ سیریز میں اظہر علی کو ذمہ داری سونپنے پر بدستور غور جاری ہے، اس حوالے سے جلد کوئی فیصلہ ہوگا، سیریزکیلیے بھولے بسرے فواد عالم کی ٹیم میں واپسی پر بھی تبادلہ خیال ہو چکا۔

گذشتہ دنوں مصباح نے سندھ کے کوچ اعظم خان کو فون کر کے سینئر بیٹسمین کی فارم اور فٹنس پر استفسار کیا تھا،البتہ ابھی یہ بات یقینی نہیں ہے کہ فواد آسٹریلیا جانے والے جہاز میں نشست حاصل کر پائینگے، مصباح قائد اعظم ٹرافی کے بعض نمایاں نوجوان کرکٹرز کو بھی موقع دینے کا سوچ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں