شنگھائی ماسٹرز رچرڈ گیسکوئٹ کو پہلے راؤنڈ میں شکست

سیزن کے اختتامی ایونٹ کی لائن اپ میں جگہ بنانا ناممکن، سیمون اورہیوٹ بھی ناکام


Sports Desk/AFP October 09, 2013
اوساکا ویمنز ٹینس میں فلاویا پنیٹا اور لیورا رابسن کے قدم ابتدا ہی میں ڈگمگاگئے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

شنگھائی ماسٹرز کے پہلے رائونڈ میں شکست سے رچرڈ گیسکوئٹ کیلیے سیزن کے اختتامی ایونٹ کی لائن اپ میں جگہ بنانا ناممکن ہوگیا۔

ہموطن جائلز سیمون کو بھی آغاز ہی میں بینوئٹ پائر نے باہر کا راستہ دکھا دیا، اوساکا ویمنز ٹینس میں فورتھ سیڈ فلاویا پنیٹا اور برطانوی پلیئر لیورا رابسن کے قدم ابتدا ہی میں ڈگمگاگئے، سیکنڈ سیڈ سبائن لیسکی نے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق شنگھائی میں بارش کے بعد ایونٹ کے میچز انڈور کورٹس میں منعقد کیے گئے، سنگلز کے فرسٹ رائونڈ میچز کو مکمل کرنے کے پیش نظر ڈبلز مقابلے ملتوی کر دیے گئے، رافیل نڈال اور نووک جوکووک اور دیگر 8 ٹاپ سیڈنگ پلیئر دوسرے رائونڈ سے اپنے سفر کی شروعات کریں گے،منگل کے روز9 سیڈ گیسکوئٹ کو کینیڈا کے ویساک پوسپیسل نے 6-3،6-4 سے قابو کرکے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی۔



اس ناکامی کے بعد فرنچ پلیئر گیسکوئٹ کی لندن میں شیڈول اے ٹی پی ٹور فائنل ایونٹ میں رسائی کی امیدوں کو دھچکا پہنچ گیا، جس میں عالمی رینکنگ کے ٹاپ 8 پلیئرز شامل ہوتے ہیں، گیسکوئٹ اس دوڑمیں فی الوقت نویں نمبر پر ہیں، ہموطن 13 سیڈ جائلز سیمون کو فرانس کے بینوئٹ پائر نے 6-4،6-3 سے واپسی کا پروانہ تھما دیا، جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے ٹوکیو ایونٹ میں ناکامی کے بعد حوصلہ کو جمع کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کیا، انھوں نے بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف پر 6-3 اور 6-4 سے غلبہ پایا، آسٹریلوی اسٹار لیٹن ہیوٹ کو اطالوی پلیئر آندریس سیپی کے ہاتھوں 6-4 اور 6-2 سے شکست ہوگئی، جس کے بعد دوسرے رائونڈ میں فیڈرر سے ٹکرائو کا خواب ادھورا رہ گیا۔

دوسری جانب اوساکا ویمنز ٹینس کے فرسٹ رائونڈ میچز میں اٹلی سے تعلق رکھنے والی 4 سیڈ فلاویا پنیٹا کو امریکی پلیئر وانیا کنگ نے دلچسپ مقابلے میں 3-6،7-5 اور6-0 سے مات دی، برطانیہ کی7 سیڈ لیورا رابسن کو 43 سالہ جاپانی پلیئر کیمیکو ڈیٹ کروم نے اسٹریٹ سیٹ میں6-4 ، 6-4 سے زیر کرلیا، فرانس کی 9 سیڈ کرسٹینا میلڈینووک نے کینیڈین حریف الیکسینڈرا ووزنیک کو 7-6، (7/4) اور6-4 سے ہرایا،امریکا کی 6 سیڈ میڈیسن کیز نے سلواکین پلیئر اینا شیمڈلووا کو 6-3 اور6-2 سے مات دی، سیکنڈ سیڈ جرمن پلیئر سبائن لیسکی نے جنوبی افریقہ کی چینیلی شیپرز پر 7-5 ،7-6 (7/1) سے غلبہ حاصل کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں