کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور نئی ملازمتیں نکلیں گی مشیر خزانہ

آمدنی میں16فیصد اضافہ اور تجارتی خسارہ میں 35 فیصد کمی ہوگئی، حفیظ شیخ

اخراجات کو سختی سے کنٹرول کیا ہے اور 3مہینوں میں کوئی سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی، عبدالحفیظ شیخ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ایکسچینج ریٹ میں استحکام آ گیا ہے، کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور نئی ملازمتیں نکلیں گی۔

اسلام آباد میں مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دو بڑے خساروں پر قابو پالیا ہے، درآمدات میں کمی لائی گئی ہے اور تجارتی خسارہ میں 35 فیصد کمی ہوئی، جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے، ماضی میں ایکسچینج ریٹ کو ایک حد پر رکھنے کیلئے کئی بلین ڈالرز ضائع کیے گئے لیکن اب ایکسچینج ریٹ میں استحکام آ گیا ہے۔

مشیرخزانہ نے کہا کہ 5لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا اور ریونیومیں16فیصد اضافہ کیاگیا ہے، اپنے اخراجات کو سختی سے کنٹرول کیا ہوا ہے، سویلین حکومت کے اخراجات میں 40ارب روپے کمی کی گئی، 3مہینوں میں کوئی سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی اور کوئی ادھارنہیں لیا گیا۔


عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 3ماہ میں بیرونی تجارت پر قابو پا لیا ہے، باہر سے سرمایہ کاری کیلیے 340 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے، فیکٹریز میں سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں ملازمتیں نکلیں گی، بیرون ملک ملازمتوں کیلیے جانےوالوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ یو اے ای حکام سے اقامہ کے غلط استعمال پر بات ہوئی ہے اور انہوں نے اتفاق کیا کہ اقامہ ہولڈر کی معلومات پاکستان سے شیئر کی جائیں گی، وہ آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ کو روکنا ہمارے مفاد میں ہے، حکومتی پالیسیوں سے معیشت میں استحکام آگیا ہے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا، پیٹرول کی قیمت اس لیے نہیں بڑھی کیونکہ کرنسی میں استحکام آیا ہے، جو بھی اقدامات کیے جارہے ہیں عوام کے فائدے کے لیے کر رہے ہیں۔
Load Next Story