422 کلومیٹرلمبی میراتھن تاریخ میں پہلی بار 2 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل

میری کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ کسی انسان کی کوئی حد نہیں ہے، کپچوکی


Sports Desk October 13, 2019
میری کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ کسی انسان کی کوئی حد نہیں ہے، کپچوکی۔ فوٹو: فائل

کینین ایتھلیٹ ایلیڈ کپچوگی نے 42.2 کلومیٹر لمبی میراتھن ریس کو انسانی تاریخ میں پہلی بار2گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔

34 سالہ کپچوگی نے یہ کارنامہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں انجام دیا، انھوں نے ریس ایک گھنٹے 59 منٹ اور 40سیکنڈز میں مکمل کی، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی انسان نے 42.2 کلومیٹرکا فاصلہ 2گھنٹے سے کم وقت میں طے کیا،البتہ کیپچوگی کے اس کارنامے کو میراتھن کا ریکارڈ تسلیم نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ کھلا مقابلہ نہیں تھا،اس میں کیپچوگی نے رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے کئی ایتھلیٹ گروپس کا استعمال کیا۔

ریس کے بعد کپچوگی نے اپنے کارنامے کا انسان کے چاند پرپہنچنے سے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بھی ایسی ہی تاریخ رقم کی جیسے برطانوی ایتھلیٹ سر راجر بینسٹر نے 1954 میں منٹ سے کم وقت میں ایک میل کا فاصلہ طے کر کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ میری کارکردگی یہ ظاہر کرتی ہے کہ کسی انسان کی کوئی حد نہیں ہے، آج میں نے ایساکیا میں امید کرتا ہوں میرے بعد اور بھی ایتھلیٹس یہ کارنامہ انجام دیںگے۔

واضح رہے کہ ایلیڈ کیپچوگی میراتھن ریس کے اولمپک چیمپئن بھی ہیں، انھوں نے 2018 میں برلن میراتھن ریس 2 گھنٹے ایک منٹ اور39سیکنڈز میں طے کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا،2017 میں انھوں نے اٹلی میں 2 گھنٹے سے کم وقت میں میراتھن ریس کو مکمل کرنا چاہا تھا لیکن ناکام رہے تھے،ایلیڈ کیپچوگی 4بار لندن میراتھن ریس بھی جیت چکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں