گارے سے انسانوں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے بنانے والا فنکار

چین کے شہر چنگشا کی سڑکوں پر یان جونائی چند منٹوں میں حقیقت سے قریب مجسمے بناتے ہیں

چین کی سڑکوں پر راہ گیروں کے مجسمے منٹوں میں بنانے والا عظیم فنکار ان دونوں سوشل میڈیا پر مقبول ہورہاہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ اس میں ایک فنکار راہ گیروں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے اور پتلے بنارہا ہے جو چکنی مٹی کے گارے سے بنائے جاتے ہیں۔

اس فنکار کا نام یان جونائی ہے جو چین کے شہر چنگشا کی ایک سڑک کے کنارے بیٹھا رہتا ہے اور گارے سے راہ گیروں کے مجسمے بناکر انہیں حیران کررہا ہے۔ اس کے جادوئی ہاتھ اور فن کو دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ اس کہنہ مشق فنکار کی ویڈیو دیکھ کر لوگ انگشت بدنداں رہ گئے ہیں۔




سب سے پہلے ان کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ سی جی ٹی این پر پوسٹ کی گھی تھی جس میں وہ چکنی مٹی کے ٹکڑوں سے انسانی سر اور مجسمے بناتے دکھائی دیئے۔ وہ آنکھوں سے لے کر ہونٹوں تک کی باریک جزئیات کو اتنی عمدگی سے بناتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران رہ جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مجسمہ تراشی میں وہ صرف اپنے ہاتھ استعمال کرتے ہیں اورایک چھوٹی سی چھری سے اپنے فن کا جادو جگاتے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=BtJxJEH-_18

یان جونائی کا خاندان پانچ نسلوں سے سنگ تراشی کرتا آرہا ہے اور انہوں نے یہ علم صرف آٹھ سال کی عمر سے حاصل کرنا شروع کیا۔ اب سے ایک سال قبل انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی حقیقی جسامت کا ایک نمونہ بنایا تھا جس کے بعد ان کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی تھی۔ لیکن اب چکنی مٹی سے بنائے گئے ان کے مجسمے اس سے زیادہ خوبصورت اور حقیقی دکھائی دیتے ہیں۔
Load Next Story