پنجاب اورخیبرپختونخوا میں مزید درجنوں افراد ڈینگی کا شکار

لاہور میں 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوکر تعداد 351 ہوگئی ہے

لاہور میں 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوکر تعداد 351 ہوگئی ہے، فوٹو: فائل

ملک بھر میں ڈینگی بخار کا مرض بے قابو ہوگیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مزید درجنوں افراد ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی مرض مزید پھیل گیا، لاہور میں 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوکر تعداد 351 ہوگئی ہے جس میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی انسداد ڈینگی کی کارروائیاں بے سود ہو کر رہ گئیں۔


محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں راولپنڈی میں 176 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ، لاہور میں 20 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 351 تک پہنچ گئی۔ اٹک، سیالکوٹ، نارووال سے 3،3 ،بھکر اور سرگودھا سے 4،4 ڈینگی کے کیس سامنے آئے اسی طرح حافظ آباد سے 2، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور جہلم سے 1,1 کیس سامنے آیا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد 6392 ہوگئی جبکہ ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 12ہے،صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے8کی حالت نازک ہے، محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 288954 ڈور اور 82758 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا،17 سو اٹھانوے مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا، انسداد ڈینگی کاررائیوں میں صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 115کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور 17 افراد کوگرفتار کیا گیا،1219 افراد کووارننگ اور 12 مقامات سیل کئے گئے۔

اسی طرح پشاور میں بھی ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 58 نئے ڈینگی مریض داخل ہوگئے ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 4 نئے ڈینگی مریضوں سمیت 11 افراد زیر علاج ہیں جن کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں5 نئے مریض داخل ہوئے ہیں اورتعداد 20 ہوگئی ہے،ایچ ایم سی میں مزید 2 سمیت 9 افراد زیر علاج ہیں۔سٹی اسپتال میں 5 نئے مریضوں سمیت 15 افراد زیر علاج ہیں۔صوابی ڈی ایچ کیو میں 3نئے مریضوں سمیت 8، کویت ٹیچنگ میں 4 نئے سمیت 8, مرسی ٹیچنگ اسپتال میں کل 4 افراد زیر علاج ہیں۔بنوں خلیفہ گل نواز اسپتال میں 2 نئے مریضوں سمیت 4، چارسدہ اور دیر لوئر میں 1,1 مریض زیر علاج ہیں۔ ڈی آئی خان مفتی محمود ہسپتال میں 2 نئے سمیت 6, ہری پور میں 9 نئے سمیت 30 افراد زیر علاج ہیں۔
Load Next Story