چینی کمپنی کی ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم‘‘ میں 1 لاکھ گھر بنانے میں دلچسپی

غیر ملکی اداروں کا پراجیکٹ کے لیے خدمات پیش کرنا خوش آئند ہے، سیاسی معاون وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک October 14, 2019
غیرملکی اداروں کا پراجیکٹ کے لیے خدمات پیش کرنا خوش آئند ہے، سیاسی معاون وزیر اعلیٰ پنجاب (فوٹو : فائل)

چینی کمپنی نے ''نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم'' میں ایک لاکھ گھر بنانے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے ''نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ'' پر پیش رفت کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت پنجاب میں پراجیکٹ پر عمل درآمد جاری ہے، پراجیکٹ کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور پنجاب میں 25 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے گزشتہ دورہ چین میں چینی سرمایہ کاروں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی اور چین کی کمپنی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتی ہے، غیر ملکی اداروں کا پراجیکٹ کے لیے خدمات پیش کرنا خوش آئند ہے اورکم لاگت گھر وں کی تعمیر میں غیر ملکی اداروں کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا جب کہ پنجاب میں پھاٹا کے زیر انتظام اراضی کے علاوہ نجی شعبے کے تحت بھی کم لاگت گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

رفاقت گیلانی نے مزید کہا کہ پراجیکٹ کے تحت پانچ اور تین مرلہ گھروں کے علاوہ بڑے شہروں بشمول لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں ہائی رائز بلڈنگز بھی تعمیر کی جائیں گی، کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے ورلڈ بینک کی تجاویز اور فنی معاونت کو خوش آمدید کہا جائے گا، نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں گھروں کی تعمیر کے حوالے سے نجی شعبے کے اشتراک کے مختلف طریقہ کار بھی طے کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مختلف سرکاری اداروں کے بلڈنگز بائی لاز میں مجوزہ ترامیم کی گئی ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے فنی معاونت کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور اس حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور لائے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں