برطانیہ اور ایران 2011 سے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے پر متفق

برطانوی اور ایرانی خارجہ سیکریٹریز کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے ناظم الامور تعینات کرنےپر اتفاق ہو گیا ہے۔


ویب ڈیسک October 09, 2013
برطانیہ براہ راست تعلقات کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور آنے والے کچھ مہینے ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کافی اہم ہیں،برطانوی وزیرخارجہ

برطانیہ اور ایران نے سفارتی تعلقات بحال اور ایک دوسرے کے ممالک میں اپنے سفارت خانے کھولنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی اور ایرانی خارجہ سیکریٹریز کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کے لیے ناظم الامور تعینات کرنےپر اتفاق ہو گیا ہے جن کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری، تہران اور لندن میں بند سفارتخانوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے اقدامات کرنا ہو گا، رپورٹ ميں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی وزارت کے خارجہ کے حکام آئندہ ہفتے جنیوا میں ملاقات بھی کریں گے جس میں دونوں ممالک کے سفارتخانوں میں مقامی ملازمین کی تعداد اور ان کے انتظامات کے حوالے سے بات کی جائے گی۔

برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ سفارتخانوں کے کھولنے کا فیصلہ بتدریج کیا جائے گا تاہم برطانیہ براہ راست تعلقات کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور آنے والے کچھ مہینے ایران کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کافی اہم ہیں۔ انہوں نے ایران کی موجودہ حکومت کے حوالے سے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ایران کے نئے صدر اور وزرا اپنے ملک کو ماضی کی نسبت مثبت انداز میں پیش کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں