بابا گورونانک جنم دن یاتریوں کیلئے پرشاد اور امرت جل کی فراہمی پر کام شروع

گوورنانک دیوجی کے 550 ویں گورپرب کے لئے 5 لاکھ کے قریب پنی پرشاد کے پیکٹ تیارکئے جائیں گے


آصف محمود October 15, 2019
پنی پرشاد آٹا، سوجی ، چینی اور دیسی گھی سے تیار کیا جاتا ہے فوٹو: فائل

سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک دیوجی کے 550 ویں جنم دن کی تقریبات میں دنیابھرسے پاکستان آنیوالے سکھ یاتریوں کے لئے بڑے پیمانے پر پنی پرشاد اور امرت جل کی فراہمی پرکام شروع کردیا گیا ہے۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے اندرون اوربیرون ملک سے آنے والے جتھوں کو واضع کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ کاروبار کے لئے کسی قسم کی کوئی چیز لے کر نہ آئیں اس کی کسی طور اجازت نہیں دی جائے گی۔ سکھوں کے سب سے مقدس مقام ہرمندر صاحب جسے گولڈن ٹمپل بھی کہا جاتا ہے یہاں دنیا بھر سے آنے والے سکھ اور دیگر یاتریوں کو دیسی گھی سے تیار کئے حلوے کا پرشاد دیا جاتا ہے تاہم حلوے کو چونکہ زیادہ دیرتک محفوظ نہیں رکھا جاسکتا اس کے متبادل کے طور پر پنی پرشاد تیار کیا جاتا ہے۔ پنی پرشاد آٹا، سوجی ، چینی اور دیسی گھی سے تیار کیا جاتا ہے اور پھر 100 گرام وزن کے حساب سے پیکٹ تیارکئے جاتے ہیں۔ گوورنانک دیوجی کے 550 ویں گورپرب کے لئے 5 لاکھ کے قریب پنی پرشاد کے پیکٹ تیارکئے جائیں گے۔



پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارستونت سنگھ بتایا کہ گوردوارے میں ملنے والا پرشاد مفت دیا جاتا ہے اس کی کوئی قیمت نہیں ہوتی ، پنی پرشاد کی تیاری اور پیکنگ کا جو خرچہ آتا ہے وہ 100 گرام پیکنگ کے 51 روپے پاکستانی کرنسی میں لئے جائیں گے، یہ ہدیہ اس لئے لیاجاتا ہے کہ گوردوارہ صاحب پر اخراجات کا بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون اوربیرون ملک سے جو لاکھوں یاتری آرہے ہیں وہ واپس جاتے ہوئے درجنوں پیکٹ پرشاد کے ساتھ لیکر جاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امرت جل کا کوئی ہدیہ نہیں لیا جاتا ہے ،گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب اور گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں واٹر فلٹر لگائے گئے ہیں جن کے ذریعے یاتری پلاسٹک کی بوتلوں اور ذاتی برتنوں میں امرت جل ساتھ لے جاسکتے ہیں۔



سردارستونت سنگھ نے مزید بتایا کہ انہوں نے اندرون اوربیرون ملک سے آنیوالے جتھوں پر واضع کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھ فروخت کرنے کے لئے کسی قسم کی کوئی اشیا لیکرنہ آئیں ، گورونانک دیوجی کا 550 واں جنم دن ایک مذہبی اورتاریخی تہوارہے ، لہذا جو بھی یاتری اس میں شریک ہوں گے وہ مذہبی رسومات اداکریں۔ یاترا کے نام پرکسی کو کاروبارکی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ماضی میں یہ شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ بیرون ملک بالخصوص بھارت سے آنیوالے یاتری اپنے ساتھ یہاں بیچنے کے لئے کئی اشیا بھی لے آتے ہیں تاہم اس بارکسی کوبھی اس کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔