کراچی کے سابق پولیس چیف شاہد حیات انتقال کرگئے

شاہد حیات کی نماز جنازہ کل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی جائے گی


Staff Reporter/ October 15, 2019
شاہد حیات کی نماز جنازہ کل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی جائے گی ۔ فوٹو : فائل

RAWALPINDI: کراچی کے سابق پولیس چیف شاہد حیات طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے۔

کراچی کے سابق پولیس چیف شاہد حیات طویل علالت کے باعث اسپتال میں انتقال کرگئے، وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

شاہد حیات کی نماز جنازہ آج پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی جائے گی جب کہ تدفین کے لیے میت ان کے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان لے جائی جائے گی۔ آئی جی سندھ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شاہد حیات کے انتقال کی خبر پر کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن اور دیگر سینئر افسران سمیت بڑی تعداد میں پولیس افسران نجی اسپتال پہنچ گئے اور ان کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

کیرئیر پر ایک نظر

شاہد حیات خان ولد حیات اللہ خان 15 جنوری 1965ء کو پیدا ہوئے اور محکمہ پولیس میں اہم عہدوں پر فائز رہے جبکہ وہ مرتضٰی بھٹو قتل کیس میں اس وقت اے ایس پی کلفٹن تعینات تھے۔ شاہد حیات ستمبر 2013ء میں شروع کیے جانے والے کراچی آپریشن میں بطور کراچی پولیس تعینات تھے جبکہ وہ کراچی کے مختلف اضلاع میں بطور ڈی آئی جی بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے پولیس میں اپنے کیریئر کا آغاز 1991ء میں کیا اور 1995ء میں پہلی بار کراچی آپریشن کے دوران وہ ایس ڈی پی او پاک کالونی تعینات ہوئے جبکہ اسی سال بطور ایس ڈی پی او اورنگی ٹاؤن تعیناتی کے دوران وہ جان لیوا حملے میں شدید زخمی بھی ہوئے۔

شاہد حیات نے مختلف عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے 2001ء میں بطور ایس پی کے عہدے پر ترقی پائی جس کے بعد کچھ عرصہ اندرون سندھ میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیں، 2004ء میں ان کا تبادلہ ایف آئی اے میں کر دیا گیا اور 4 سال کے بعد مئی 2008ء میں ایک مرتبہ پھر سے ان کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کر دی گئی۔

انہوں نے آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس میں بطور ایس ایس پی اپنے فرائض انجام دیئے، سال 2011ء میں انھیں ڈی آئی جی کے عہدے پر ترقی دی گئی جس کے بعد وہ بطور ڈی آئی جی ضلع جنوبی، ضلع شرقی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ میں فرائض انجام دیتے رہے بعد ازاں ستمبر 2013ء میں شروع کیے جانے والے کراچی آپریشن میں جہاں پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے گئے تو وہیں کراچی پولیس چیف کے لیے شاہد حیات کی خدمات حاصل کی گئیں۔

سال 2014ء میں ان کا اسلام آباد تبادلہ ہوگیا جس کے بعد وہ موٹر وے پولیس، آئی جی اور ایف آئی اے میں تعینات رہے، فروری 2018ء میں شاہد حیات کی گریڈ 21 میں ترقی ہوئی، شاہد حیات چند سال قبل بیرون ملک کورس کے دوران بھی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج رہے۔

شاہد حیات محکمہ انٹیلی جنس بیورو، موٹر وے پولیس اور ایف آئی اے میں بھی تعینات رہے ہیں، مرحوم شاہد حیات کی نماز جنازہ آج بروز بدھ بعد نماز ظہر پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں