لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

سچن ٹنڈولکر نے اپنے 198 ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ 15 ہزار 837 رنز بنائے اور بطور بولر 45 وکٹیں بھی حاصل کیں

11 سال کی عمر سے بس کرکٹ ہی کھیلتا آیا ہوں اس لئے کرکٹ کے بغیر زندگی گزارنا بہت مشکل ہے، سچن ٹنڈولکر فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر اب تک 198 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں اور انہوں نے اگلے 2 میچز کھیلنے کے بعد 200 میچز مکمل کر کے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لئے بہت اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے دنیا بھر میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور دنیا بھر میں کرکٹ کھیلی، میں اپنے ملک میں ہی اپنا آخری میچ کھیلنا چاہتا تھا اس لئے میں نے ریٹائرمنٹ کے لئے یہ دن چنا ہے۔


سچن ٹنڈولکر نے اپنے تمام پرستاروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعاؤں اور نیک خواہشات ہی کی بدولت وہ آج اس مقام پر پہنچے اور سب کے ریکارڈز توڑنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 11 سال کی عمر سے بس کرکٹ ہی کھیلتے آئے ہیں اس لئے ان کے لئے کرکٹ کے بغیر زندگی گزارنا بہت مشکل ہے تاہم ان کے خیال میں ریٹائرمنٹ کے لئے یہ مناسب وقت ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے اپنے 198 ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ 15 ہزار 837 رنز بنائے اور بطور بولر 45 وکٹیں بھی حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا اور سچن ٹنڈولکر کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد یہ ان کی آخری سیریز ہوگی۔
Load Next Story