کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک

کراچی میں بارش کے ساتھ ہی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام جبکہ140 سے زائد فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کا ڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔


ویب ڈیسک October 10, 2013
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم حبس ہونے کی وجہ سے گزشتہ دو ہفتوں سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ نہیں سکا۔

گزشتہ کئی روز سے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی اور میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں تھے تاہم گزشتہ روز سے کراچی سمیت مختلف ساحلی علاقوں میں موسم ابر آلود تھا تاہم جمعرات کی دوپہر سے ٹھٹہ ، بدین ، سجاول، ساکرو، حب، اوتھل ، وندر، بیلہ، اور دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے باعث شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا گیا ہے اس سے موسم خوشگوار ہوجائے گا۔

کراچی میں ابر کرم کے باعث جہاں شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں آسمانی بجلی سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے، اس کے علاوہ سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے بھی کئی موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہوئے ہیں، بارش کے ساتھ ہی ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر، شاہراہ فیصل، نشتر روڈ اور شاہراہ پاکستان سمیت مختلف اہم سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو پایا۔ 140 سے زائد فیڈر ٹرپ کرجانے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ کے ای ایس سی ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے عملہ فرائض انجام دے رہا ہے جلد ہی صورت حال معمول پر آجائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہونے والی بارش پوسٹ مون سون سسٹم کی وجہ سے ہورہی ہے جس کے تحت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں