چنگ چی رکشوں پر عائد پابندی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج

قوانین میں ترامیم کرکے چنگچی رکشوں کیلئے گنجائش پیدا کی گئی تھی جس پر زبانی احکامات کے ذریعے پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔


ویب ڈیسک October 10, 2013
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محض زبانی احکامات پر چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ میں چنگ چی رکشے پر عائد کی گئی پابندی کو چیلنج کردیا گیا۔

چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اکبر خان کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2011 میں قوانین میں ترامیم کرکے اس قسم کے رکشوں کے لئے گنجائش پیدا کی گئی تھی، اب محض زبانی احکامات پر ان پر پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔

پابندی کے خلاف سی این جی رکشہ مالکان نے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے، مظاہرین نے سڑک پر رکشے کھڑے کرکےقیوم آباد چورنگی پرٹریفک بلاک کردی، ٹریفک پولیس کی مہم کے خلاف سی این جی رکشہ ڈرائیورز نے قیوم آباد چورنگی پر رکشے کھڑے کرکے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زیور بیچ کر رکشے خریدے، گاڑیوں کو رجسٹرڈ کرایا اور اب ٹریفک پولیس پابندی کے نام پر رکشوں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف ہے،

دوسری جانب پابندی کے حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ بسوں، منی بسوں اور کوچز کی قلت کے باعث سی این جی رکشے عام افراد کے لئے ایک سہولت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی جی ٹریفک پولیس کی جانب سے چنگ چی رکشے اور سی این جی رکشوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے باعث ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل رکشہ اور سی این جی رکشا کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے اور اب تک 200 سے زائد چنگ چی کو تحویل میں لیا جا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں