برطانوی شاہی جوڑے کا لاہور کا دورہ

حسن علی نے ایک گیند پر برطانوی شہزادے کو آﺅٹ کردیا لیکن امپائر وقار یونس نے اسے نو بال قرار دیا۔

شاہی مہمانوں نے ایس او ایس ویلج میں تقریب میں شرکت کی اور یتیم بچوں کے ہمراہ وقت گزارا

برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچ گئے۔

یتیم بچوں سے ملاقات

گورنر چوہدری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ شاہی مہمانوں نے ایس او ایس ویلج میں تقریب میں شرکت کی اور یتیم و نادار بچوں کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، بچوں کیساتھ کیک کاٹا اور ان کی بنائی پینٹگنز کو بھی سراہا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کیٹ مڈلٹن نے اردومیں بات کرکے دل جیت لیے



شاہی جوڑے کانیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ

اس کے بعد شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں ان کا خصوصی استقبال کیا گیا۔ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن نے اس موقع پر کرکٹ بھی کھیلی جس کے لیے امپائرنگ کے فرائض سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انجام دیئے۔

حسن علی کی ایک گیند پر برطانوی شہزادہ ولیم نے چھکا لگایا ۔ ایک گیند پر حسن علی نے برطانوی شہزادے کو آﺅٹ کیا لیکن امپائر وقار یونس نے اس گیند کو نو بال قرار دے دیا۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/EntertainemtExpress/videos/522172621897453/"]

شاہی جوڑے نے بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مسجد کا احترام کرتے ہوئے سر پر دوپٹہ اوڑھ لیا۔ شاہی مہمان رات گئے شوکت خانم اسپتال میں منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔






واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ شاہی جوڑے نے اپنے دورے کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول سے کیا، بعد ازاں صدرو وزیراعظم سے ملاقات کی۔





رات کو اسلام آباد کی قومی یاد گار پر شاہی جوڑے کے اعزاز میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اور شوبز و اسپورٹس کی اہم ترین شخصیات نے شرکت کی۔



شاہی جوڑا اپنے دورے کے تیسرے روز صوبہ خیبرپختونخوا و شمالی علاقہ جات پہنچا اور 17 اکتوبر کا دن چترال کی حسین وادیوں میں گزارا۔ اس کے بعد شاہی سواری کوہ ہندوکش، چترال کے پرفضا مقام بروغل اور کیلاش پہنچی۔





1991 میں پرنس ولیم کی ماں لیڈی ڈیانا نے بھی چترال کا دورہ کیا تھا اوراس موقع پر انہوں نے پرندے کے پر سے سجی روایتی چترالی ٹوپی پہنی تھی۔



واضح رہے کہ شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
Load Next Story