مستقبل کی تیاری نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کا فیصلہ

انٹرنیشنل سیریز اور ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلیے20 رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان، محمد عمران کپتان برقرار


Sports Reporter October 11, 2013
موجودہ صورتحال میں ہار جیت سے زیادہ آئندہ کے میگا ایونٹس کی تیاری اہمیت رکھتی ہے،کوچ۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل سیریز اور ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلیے20 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، محمد عمران کو کپتان برقرار رکھتے ہوئے مستقبل کی تیاری کیلیے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی لیگ کھیلنے میں مصروف4 پلیئرز راشد محمود، رضوان سینئر، فرید احمد اور حسیم خان کو دستیاب ہونے پر اسکواڈ کا حصہ بنالیا جائے گا۔کوچ طاہر زمان کے مطابق موجودہ صورتحال میں ہار جیت سے زیادہ آئندہ کے میگا ایونٹس کی تیاری اہمیت رکھتی ہے، نتائج جیسے بھی ہوں قوم کو صبر کرنا ہوگا۔ محمد عمران نے کہاکہ جونیئرز کے پاس اپنی صلاحیتیں منوانے اور انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل کرنے کا اچھا موقع ہے، انھیں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور قومی کھیل کا مستقبل روشن بنانے کیلیے سخت محنت کرنی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق منتخب شدہ قومی ٹیم میں محمد عمران (کپتان)، عمران شاہ، عمران بٹ، فیصل قادر، خالد بھٹی ،کاشف شاہ،رضوان جونیئر،توثیق احمد، عامر شہزاد، سلمان حسن، عمر بھٹہ، دلبر حسن، شفقت رسول،احمد سلمان، ارسلان خان ،عماد بٹ جبکہ غیر ملکی لیگز کھیلنے میں مصروف راشد محمود، رضوان سینئر، فرید احمد اور حسیم خان بھی شامل ہیں۔



کوچ طاہر زمان نے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 20میں سے4 پلیئرز لیگ کھیل رہے ہیں ان کی ٹیم میں شمولیت دستیابی پر منحصر ہوگی، امید ہے کہ تمام کھلاڑی ایشین چیمپئنز ٹرافی تک فارغ ہوجائیں گے۔انھوں نے کہاکہ ہمارا ہدف2014کے ایشین گیمز ہیں، موجودہ حالات میں ہمارے پاس ایک ہی حل ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دے کر انٹرنیشنل مقابلوں کا تجربہ دلائیں، اسی صورت مضبوط ٹیم کی تشکیل کی جانب قدم بڑھایا جا سکے گا، مستقبل کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے موجودہ ٹورز کیلیے اسکواڈ میں زیادہ تر جونیئر کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں، انھیں تجربہ دلا کر آئندہ میگا ایونٹس کیلیے اچھا کمبی نیشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، اس لیے ہار جیت سے زیادہ اہمیت نوجوانوں کو مستقبل کیلیے تیار کرنے کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ٹیم سے فوری فتوحات کی توقع نہ رکھی جائے، قوم کو نتائج کے حوالے سے صبر و تحمل سے کام لینا ہوگا۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہاکہ گذشتہ ٹورنامنٹس میں قومی ہاکی ٹیم سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی بہتر نتائج نہیں دے سکی، اب نوجوانوں پر انحصار کرنے کا راستہ ہی بچا تھا جس پر چلتے ہوئے متوازن کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ہمیں کئی مضبوط ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتیں منوانے اور انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل کرنے کا اچھا موقع ہے، جونیئرز عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اور قومی کھیل کا مستقبل روشن بنانے کیلیے سخت محنت کریں۔یاد رہے کہ قومی ہاکی ٹیم17اکتوبر سے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں9 اے سائیڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کریگی،بعدازاں آسٹریلیا،آسٹریلیا اے اور ارجنٹائن کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز بھی رکھے گئے ہیں، ایشین چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے یکم سے10نومبر تک جاپان میں شیڈول ہیں، پاکستان اعزاز کا دفاع کرے گا،گرین شرٹس 15اکتوبر کو لاہور سے روانہ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں