حکومتوں میں دھرنے اور احتجاج ہوتے رہتے ہیں وزیراعظم

علما کی وزیراعظم عمران خان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی


ویب ڈیسک October 18, 2019
علما کی وزیراعظم عمران خان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی فوٹوفائل

وزیراعظم عمران خان نے مختلف مکاتب فکر کے علماء سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومتوں میں دھرنے اور احتجاج ہوتے رہتے ہیں۔

وزیراعظم کی جید علمائے کرام اور مشائخ کے وفد کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی نعیم الحق، فردوس عاشق اعوان، اعجاز چوہدری، یوسف بیگ مرزا اور دیگر موجود تھے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں علامہ طاہر اشرفی، مفتی منیب الرحمان، علامہ عارف واحدی و دیگر بھی شریک ہوئے۔



وزیراعظم نے اجلاس میں مدارس اصلاحات سمیت دیگر مذہبی امور پر علماء کو اعتماد میں لیا۔ علما نے وزیراعظم عمران خان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم عمران خان نے علمائےکرام کو سعودی عرب اور ایران کے درمیان مصالحتی کردار پر بریفنگ دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں بھی کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دینی مدارس کے حوالے سے انقلابی ریفارم کی جارہی ہیں، پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم متعارف کرایا جارہا ہے، دینی مدارس کے طلباء کو حکومتی سرپرستی فراہم کریں گے۔ کون مسلمان ہےجو ختم نبوت کا پہرہ دار نہیں؟

اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا مقبوضہ جموں کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے، بھارتی وزیراعظم اب کرفیو ہٹانے سے ڈر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس کے بعد وادی میں بد ترین خون ریزی ہوگی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے آزادی مارچ پر زیادہ بات نہیں کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں