امیتابھ بچن کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا

اسپتال کےکمرے میں اہل خانہ کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی


ویب ڈیسک October 18, 2019
امیتابھ بچن کا جگر صرف 25 فیصد کام کر رہا ہے۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ اور شہرہ آفاق اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت بگڑ گئی ہے جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جگر کے عارضے میں مبتلا معروف اداکار امیتابھ بچن کو خرابی صحت کے باعث نانا وتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں اُن کے لیے ایک مخصوص کمرہ تیار کیا گیا ہے جس میں انتہائی نگہداشت کی تمام سہولیات موجود ہیں۔

اسپتال کےکمرے میں اہل خانہ کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جب کہ خاندانی ذرائع بھی امیتابھ بچن کی بیماری کے حوالے سے چپ سادھے ہوئے ہیں۔ ٹویٹر پر ہمہ وقت موجود رہنے والے امیتابھ بچن نے 5 دن میں صرف 6 ٹویٹس کی ہیں۔

جواں عزم امیتابھ بچن ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بی کو شکست دے چکے ہیں۔ اُن کا جگر صرف 25 فیصد کام کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ ایک بھرپور اور متحرک زندگی گزار رہے ہیں۔ امیتابھ بچن کو ہیپاٹائٹس بی کا مرض 1983 میں ایک بوتل خون کی منتقلی کے دوران لاحق ہوا تھا۔

واضح رہے کہ فلم قلی کے ایک فائٹنگ سین میں پیٹ میں چوٹ لگنے سے امیتابھ بچن شدید زخمی ہوگئے تھے جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں ایک بوتل خون کی ضرورت پڑی۔ بدقسمتی سے وہ خون آلودہ تھا اور اس میں ہیپاٹائٹس کے جراثیم تھے جو ان کے جسم میں منتقل ہوگئے۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں