پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں غلط ہاتھوں میں نہیں جائینگے اسحاق ڈار

گزشتہ حکومت نے بجلی مہنگی نہ کرکے آئی ایم ایف کی شرائط کی خلاف ورزی کی،اسی لیے ہمیں اچانک اضافہ کرنا پڑا، وزیر خزانہ


News Agencies/Numainda Express October 11, 2013
مسائل کے حل تک بھارت کو پسندیدہ قوم کا درجہ نہیں دینگے،وزیرخزانہ فوٹو: فائل

وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، ان کے غلط ہاتھوں میں جانے کاکوئی خطرہ نہیں۔

عالمی برادری کو اس بارے میں شکوک و شبہات کاشکارنہیں ہوناچاہیے۔ وزیراعظم نوازشریف جمہوری اقدارسے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ بھارت جب تک حل طلب مسائل کیلیے جامع مذاکرات شروع نہیں کرتا اسے پسندیدہ قوم کادرجہ نہیں دیں گے۔گزشتہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے آئی ایم ایف کی شرائط کی خلاف ورزی کی،اسی وجہ سے موجودہ حکومت کوبجلی کی قیمتوںمیں ایک دم اضافہ کرناپڑا۔ ورثے میں ملی کمزور معیشت کی بہتری کیلیے اقتصادی اصلاحات کاعمل جاری ہے۔وہ جمعرات کو یہاں اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے خطاب اورصحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ عالمی برادری کی پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے بارے میںتشویش بے جا ہے۔



بھارت کو پسندیدہ قوم کادرجہ دینے کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کی اکثریت بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر، سیاچن اور پانی سمیت دیگرمسائل کے حل سے پہلے بھارت کو پسندیدہ قوم کادرجہ دینے کیخلاف ہے۔ انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کی بحالی کیلیے بہت سی اصلاحات کررہی ہے جن پرکافی پہلے عمل ہونا چاہیے تھا مگرگزشتہ حکومت نے معاشی اصلاحات کو ترجیح دینے کی بجائے اپنی پالیسیوںکے ذریعے ملکی معیشت کو کمزورکردیا۔علاوہ ازیںوفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار نے اپنے امریکی ہم منصب ڈیوڈ کوہن سے ملاقات کی اوردوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی مالیاتی اداروںکے سالانہ اجلاس کے موقع پرپاکستانی وفدمیںوزیرخزانہ اسحق ڈارکے علاوہ سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان ،گورنراسٹیٹ بینک یاسین انوراورسیکریٹری اکنامکس افیئرڈویژن نرگس سیٹھی بھی شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔