اخبار فروش کے بیٹے نے انٹر میں ٹاپ کرلیا

نجی کالج کے طالبعلموں نے پوزیشن حاصل کیں سرکاری کالج کا کوئی طالبعلم نمایاں پوزیشن حاصل نہ کرسکا

نجی کالج کے طالبعلموں نے پوزیشن حاصل کیں سرکاری کالج کا کوئی طالبعلم نمایاں پوزیشن حاصل نہ کرسکا ، فوٹو: فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کامرس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔

اخبار فروش کے بیٹے انس حبیب نے پہلی پوزیشن 88 فیصد نمبر حاصل کر کے والد کا سر فخر سے بلند کردیا، دوسری پوزیشن مزمل احمد اور تیسری پوزیشن عروبہ محمد نے حاصل کی، نجی کالج کے طالبعلموں نے پوزیشن حاصل کیں سرکاری کالج کا کوئی طالبعلم نمایاں پوزیشن حاصل نہ کرسکا۔

انٹربورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے ان امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں تینوں پوزیشنز تابانیز کالج کے طلبا نے حاصل کیں، تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کے انس حبیب ولد محمد حبیب رول نمبر 813712 نے 1100 میں سے 969 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، اسی کالج کے مزمل احمد خان ولد مسعود احمد خان رول نمبر 813718 نے 965 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ تابانیز کالج کی عروبہ محمد ریاض بنت محمد ریاض رول نمبر 823144 نے 949 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

قائم مقام ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر کے امتحانات میں 43021 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 41985 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 12888 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 30.70 فیصد رہا، ان امتحانات میں 110 امیدوار اے ون گریڈ،1084اے گریڈ، 2696 بی گریڈ، 4262 سی گریڈ، 4230 ڈی گریڈ اور 506امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔


پروفیسر انعام احمد کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی نتائج کا تناسب 30 فیصد ہی تھا، اس سال نجی کالجز کے طلبہ نے پوزیشنز لی ہیں، بچوں کا رجحان کامرس کی طرف زیادہ ہوگیا ہے، کامرس کے اساتزہ کی تعداد بھی بڑھانے کی ضرورت ہے، گورنمنٹ کالجز کے طلبا کو محنت کرنے کی ضرورت ہے، صفر نتائج والے نجی و سرکاری کالجز کے طلبا کو کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پہلی پوزیشن کو تیس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو 20 ہزار روپے نقد انعام کے طور پر دئیے، تیسری پوزیشن والے طلبا کو 10 ہزار روپے نقد انعام سے نوازاگیا، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے انس حبیب کے والد محمد حبیب اخبار فروش ہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے انکا کہنا تھا کہ میری محنت وصول ہوگئی، میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے، میری خواہش تھی کہ میرا بیٹا ڈاکٹر بنے مگر بیٹے کی دلچسپی کامرس میں تھی جسکی وجہ سے اس نے کامرس کا انتخاب کیا اور بہترین نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرکے میرا نام روشن کیا ہے۔

اس موقع پر انس حبیب کا کہنا تھا کہ پہلی پوزیشن حاصل کر کے بہت خوشی ہورہی ہے، پوزیشن حاصل کرنے میں میری محنت کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کی بھی محنت شامل ہے، مستقبل میں بھی اسی طرح اپنے والد اور ملک کا نام روشن کرونگا۔

نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں، علاوہ ازیں طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں، اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کرکے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story