ملا برادر رہائی کے بعد مکمل سیکیورٹی میں ہیں اوران سے کوئی بھی ملاقات کرسکتا ہے سرتاج عزیز

ملاعبدالغنی برادر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں کردار داد کرنے کیلئے وقت دینا چاہتے ہیں، سرتاج عزیز

پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے سے متعلق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ملاقات رواں ماہ ہوگی، سرتاج عزیز فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر رہائی کے بعد مکمل سیکیورٹی میں پاکستان میں ہی ہیں اور ان سے جو ملنا چاہے مل سکتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سےبات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر کو رہا کردیا گیا ہے، سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے وہ اپنے گھر والوں سمیت کسی سے بھی رابطہ کرنے میں مکمل آزاد ہیں اور ان سے کوئی بھی ملاقات کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملاعبدالغنی برادر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں کردار داد کرنے کےلئے وقت دینا چاہتے ہیں۔


وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے متعلق بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اگلے ماہ امریکی صدر باراک اوباما کی دعوت پر امریکا کا دورہ کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات کے بنیادی ڈھانچے، تجارت اور معیشت سمیت جامع ایجنڈے پر بات چیت ہوگی جب کہ اسٹریٹجک مذاکرات سیکریٹری کی سطح پر ہوں گے۔

پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ رواں ماہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان ملاقات ہوگی اس ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ختم کرنے کے لئے تبادلہ خیال ہوگا۔
Load Next Story