اولمپکس کوالیفائنگ قومی ہاکی ٹیم نے رخت سفر باندھ لیا

جرمنی روانگی سے قبل کھلاڑیوں کے حوصلے بلند، تیاریاں مکمل ہیں، چیف کوچ کا عزم

ہالینڈ سے مقابلوں میں بہترین نتائج کی کوشش کریں گے، چیف کوچ کا عزم۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان ہاکی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے رخت سفر باندھ لیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کو ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کا چیلنج درپیش ہے، ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے گرین شرٹس نے لاہور سے جرمنی کے لیے رخت سفرباندھ لیا ہے، لاہور سے جرمنی جانے والے کھلاڑیوں میں امجد علی، وقار یونس، معین شکیل، تصورعباس، راشد محمود، ابوبکر اور اظفریعقوب، اعجازاحمد،عمر بھٹہ،رانا سہیل،حماد بٹ، رضوان سینئر (کپتان) ، علی شان، رانا وحید، غضنفرعلی اور حماد انجم شامل ہیں۔19ویں کھلاڑی محمد عرفان کی ٹیم میں شمولیت ویزے سے مشروط ہے، وہ انگلینڈ سے براہ راست جرمنی پہنچیں گے۔

ہالینڈ کے خلاف میدان سے اترنے سے قبل پاکستانی ٹیم جرمنی کے خلاف 2 پریکٹس میچزکے دوران ایکشن میں دکھائی دیگی، یہ مقابلے 22 اور 23 اکتوبرکو شیڈول ہیں، بعد ازاں گرین شرٹس بس کے ذریعے جرمنی سے ہالینڈ جائیں گے جہاں وہ ٹوکیواولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں26 اور27 اکتوبرکومیزبان ہالینڈ کیخلاف میچزکھیلیں گے، ان مقابلوں میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم ٹوکیو اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کا کیمپ لاہور میں ختم ہوگیا،کھلاڑیوں نے کیمپ کمانڈنٹ خواجہ محمد جنید کی نگرانی میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہفتے کو صبح کے سیشن میں خصوصی مشقیں کیں،اس موقع پر پلیئرز کے خصوصی ٹیسٹوں کے ذریعے پلیئرزکے فٹنس کا معیار جانچنے کی بھی کوشش کی گئی۔چیف کوچ خواجہ محمد جنید کا کہنا ہے کہ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کیلیے ہماری تیاریاں بھر پور ہیں، ہالینڈ کے خلاف بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔


ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں چیف کوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ حقائق کسی طور پر بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ہالینڈ کی ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ میں تیسرے جبکہ ہم 17ویں نمبر پرہے،کوالیفائنگ راؤنڈکی تیاریوں کے لیے میزبان ٹیم کی گزشتہ ایک سال سے بھر پور تیاریاں جاری ہیں جبکہ ہمیں کیمپ میں پلیئرز کی ٹریننگ کا بہت کم وقت ملا ہے، مایوس بالکل نہیں ہوں، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر پورا بھروسہ ہے،ٹیم سے اچھے نتائج کے لیے پرامید ہوں۔

خواجہ محمد جنید نے کہا کہ خوش آئند پہلو یہ بھی ہے کہ ہالینڈ کے خلاف میچزسے قبل پاکستانی ٹیم جرمنی کے خلاف دو پریکٹس میچز بھی کھیلے گی،ان مقابلوں کی وجہ سے نہ صرف پلیئرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا بلکہ عمدہ کارکردگی کی صورت میں ان کے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا۔کپتان رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ ٹیم جونیئراور سینئرکھلاڑیوں کا حسین امتزاج ہے،کچھ ایسے کھلاڑی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں جو انٹرنیشنل لیگزکھیل رہے ہیں، امید ہے قومی ٹیم ہالینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ 6 نئے پلیئرز بھی پہلی بار ٹیم میں شامل ہوئے، یہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھا کر مستقل بنیادوں پر گرین شرٹس کا حصہ بن سکتے ہیں، اب یہ ان کھلاڑیوں پر ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

 
Load Next Story