پاکستان نے بی جے پی کا انتخابی مہم میں کیا جانے والا زہریلا پروپیگنڈا مسترد کردیا

انتخابی عمل میں بی جے پی کی قیادت پاکستان مخالف پراپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہے، ترجمان

ہم بار بار کہتے ہیں کہ سیاسی فائدوں کے لئے پاکستان کا نام استعمال کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، ترجمان (فوٹو : فائل)

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بی جے پی کی طرف سے بھارت میں انتخابی مہم میں پاکستان مخالف تقاریر مسترد کردیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے بھارت میں انتخابی مہم میں پاکستان مخالف تقاریر کی جارہی ہیں، بھارتی ریاست ہریانہ اور مہاراشٹرا میں انتخابی عمل میں بی جے پی کی قیادت پاکستان مخالف پراپیگنڈا جاری رکھے ہوئے ہے، بیانات میں پاکستان کی دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کی حمایت کے بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، حالیہ دنوں میں انتخابی ریلیوں میں پاکستان کا بار بار نام لیا جارہا ہے۔


یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

ترجمان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی جانب سے پاکستان کے دریا کا پانی روکنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، پاکستان کے کرتارپور راہداری کھولنے کے تاریخی فیصلے کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ پاکستان ان الزامات، دھمکیوں اور تاریخی حقائق مسخ کرنے کو مسترد کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ تمام اطراف سے یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ موجودہ بی جے پی حکمرانوں کے پاس انتخابات میں بیچنے کے لیے پاکستان دشمنی کے علاوہ بھی کچھ ہے؟ جب کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ سیاسی فائدوں کے لیے پاکستان کا نام استعمال کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
Load Next Story