عید سے قبل انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

اضافی کرایہ لینے والوں کو گرفتار کیاجائے،سیکریٹری ٹرانسپورٹ


Staff Reporter October 12, 2013
انٹر سٹی بسوں کے کم سے کم فاصلے کے کرایے میں 70 روپے ،درمیانے فاصلے میں 200اور طویل فاصلے میں 300 سے350روپے اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہی انٹر سٹی بس مالکان نے بسوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے اور مسافروں سے منہ مانگے کرایے وصول کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی چھٹیوں کا آغاز 15اکتوبر سے ہوگا تاہم چھٹیوں کے آغاز سے قبل ہی کراچی میں ملک کے دیگر علاقوں سے روزگارکیلیے آنے والے سیکڑوں افراد اپنے آبائی علاقوں میں عید منانے کے لیے روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے انٹر سٹی بسوں پر رش میں اضافہ ہوگیا ہے،اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بس مالکان نے ایئرکنڈیشنڈ اور نان ایئرکنڈیشنڈبسوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ، اے سی انٹر سٹی بسوں کے کم سے کم فاصلے کے کرایے میں 100روپے ،درمیانے فاصلے میں 300اور طویل فاصلے میں 400سے 500روپے اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔



بغیر اے سی انٹر سٹی بسوں کے کم سے کم فاصلے کے کرایے میں 70 روپے ،درمیانے فاصلے میں 200اور طویل فاصلے میں 300 سے350روپے اضافی وصول کیے جارہے ہیں، بس مالکان کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور دیگر مسائل کی وجہ سے کرایے بڑھانے پر مجبور ہیں کیونکہ اندرون ملک جانے والی بسوں میں رش ہے اور واپسی پر گاڑیاں خالی آرہی ہیں، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ طحہٰ فاروقی نے ایکسپریس کا بتایا کہ انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں اضافہ روکنے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ ،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اضافی کرایہ وصول کرنے والے بس مالکان کو نہ صرف گرفتار کیاجائے گابلکہ ان پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں