بنگلہ دیشی ’’ساروگنگولی‘‘ کیویز کے سامنے چٹان بن گئے

پہلے ٹیسٹ میں مومن الحق کے181رنز، ٹیم نے7وکٹ پر380 کا مجموعہ پا لیا

چٹاگانگ ٹیسٹ: بنگلہ دیشی کرکٹر مومن الحق شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی ''ساروگنگولی'' کیویز کے سامنے چٹان بن گئے،22سالہ لیفٹ ہینڈر مومن الحق کو ساتھی پلیئرز سابق بھارتی کپتان کے نام سے پکارتے ہیں،اس کی وجہ انہی کے انداز سے بیٹنگ کرنا ہے۔

انھوں نے181کی شاندار اننگز کھیل کر حریف بولنگ اٹیک کو بے بس کر دیا، فالوآن کرانے کا خواب دیکھنے والی مہمان ٹیم380رنز دے کر7وکٹیں ہی لے پائی،میزبان کپتان مشفیق الرحیم نے67رنز بنائے، ٹیم کو اب بھی89رنزکا خسارہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے مارشل ایوب اور مومن الحق جس وقت بیٹنگ کیلیے داخل ہوئے ٹیم کا اسکور2 وکٹ پر 103 تھا، مارشل (25)گذشتہ روز کے اسکور میں صرف4 رنز کا اضافہ کرکے اینڈرسن کی اولین وکٹ بن گئے، یوں تیسری وکٹ کیلیے 126کی پارٹنر شپ ٹوٹ گئی، شکیب الحسن کی اننگز بھی19رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، مومن بدستور ڈٹے رہے، انھوں نے اولین سنچری مکمل کرنے کیساتھ مشفیق کی شراکت میں121رنز بھی جوڑے، کیوی بولرز ہرممکن کوشش کے باوجود انھیں پریشان نہ کر سکے۔




آخری سیشن میں جس وقت اینڈرسن نے مومن کو ایل بی ڈبلیو کیا وہ 181رنز بنا چکے تھے،انھوں نے274 میں 27 گیندوں کو بائونڈری کی سیر کرائی، فوراً ہی مشفیق (67) بھی رخصت ہو گئے، بریسویل کی گیند پر سلپ میں ڈائیو لگا کر روس ٹیلر نے کیچ لیا،سوہاگ غازی اور ناصر حسین نے مزید سلو پچ پر ساتویں وکٹ کیلیے70رنز کی شراکت سے کیویز کو مزید فرسٹریشن کا شکار کیا، ناصر 46 رنز بنانے کے بعد سودھی کی اولین ٹیسٹ وکٹ بنے، جب تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر 380رنز بنائے تھے، سوہاگ غازی 28 اور عبدالرزاق 1رن پر ناٹ آئوٹ رہے، بریسویل نے 2وکٹوں کیلیے 71 رنز دیے، ڈیبیوٹنٹ لیفٹ آرم سیمرکورے جے اینڈرسن نے23رنز کے عوض اتنے ہی پلیئرز کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story