کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے وزیر اعظم

وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وزیر اعظم

صوبہ سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوئے، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

حب میں 1320 میگا واٹ کے بجلی گھر کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنا بے حد ضروری ہے جب سے ہماری حکومت آئی ہے ہم سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، بڑی بڑِی چائینیز کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مقامی ایندھن کے ذریعے زیادہ بجلی بنانے پر توجہ دینا ہوگی جب ڈالر مہنگا ہوتا ہے تو بجلی منہگی ہوجاتی ہے، پاکستان میں پانی سے 50 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت موجود ہے، ہم گیس سے بھی بجلی بنا سکتے ہیں لیکن ہم نے ابھی تک گیس کی تلاش میں ڈرلنگ بھی نہیں کی، کوشش کی جائے کہ پروجیکٹ کے لیے کم ازکم 20 فیصد کوئلہ تھر سےلایا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس گیس کے ذخائر ہیں لیکن ان کی دریافت کے لیے ہمیں سرمایہ کار چاہیئں، بلوچستان میں دنیا کے سب سے زیادہ سونے اور تانبے کے ذخائر ہیں۔ ریکوڈک میں تانبے کے ساتھ سونے کے بھی ذخائر موجود ہیں، ہمارے اسی کمپنی سے مذاکرات چل رہے ہیں جس نے ہمیں ہرجانہ بھیجا۔ کوشش ہے کہ وہی کمپنی آکر پاکستان میں کام کرے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، تھوڑے سے لوگوں نے پیسا بنانے کے لیے پاکستان کو لوٹا۔ جب تک کرپشن پر قابو نہیں پا لیتے باہر سے کوئی کمپنی نہیں آئے گی۔ کرپشن کی وجہ سے لوگ پاکستان نہیں آرہے تھے۔


یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا دورہ کراچی

اس سے قبل گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے ممبران سندھ اسمبلی کو کراچی میں جاری اور زیر غور وفاقی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ وفاقی حکومت کو کراچی میں پانی ، ٹرانسپورٹ، ویسٹ منیجمنٹ اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کا مکمل ادارک ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کی عوام اور کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا، کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ورثے میں ملا لیکن اب ملک کی معاشی صورتحال بہت حد تک بہتر ہوچکی ہے۔ صوبہ سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوئے۔
Load Next Story