کراچی پولیس و رینجرز کی کارروائیاں 22 گرفتار اسلحہ و منشیات برآمد

نیو کراچی، قصبہ، جیکب لائنز ، ایف سی ایریا ، اورنگی ، رنچھوڑ لائن،عثمان آباد اورمختلف علاقوں میں رینجرز کا آپریشن


Staff Reporter October 12, 2013
پولیس نے 24 گھنٹے میں 167 ملزمان گرفتار کیے۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 22 ملزمان کو گرفتار اور حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار اور مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے، دوسری جانب سندھ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 167 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بریگیڈ پولیس نے اے بی سینیا لائن میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر اکرام قادری کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، بریگیڈ پولیس کے مطابق ملزم اکرام چند ماہ قبل کشمیر روڈ پر اے ایس آئی محسن کے قتل میں مفرور تھا، ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے قتل،ڈکیتی و رہزنی کی مزید کئی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ علاوہ ازیں لائنز ایریا میں رینجرز نے چھاپہ مار کر ایک سیاسی جماعت کے کمیٹی ممبر کو حراست میں لے کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ دریں اثنا رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ نیو کراچی ، قصبہ کالونی ، جیکب لائنز ، ایف سی ایریا ، اورنگی ٹائون سیکٹر ون سی ، رنچھوڑ لائن ، عثمان آباد ، بہارکالونی ، کورنگی پانچ نمبر ، نارتھ کراچی سیکٹر الیون ڈی ، محمد نگر ، لیاری ، حسین ہزارہ گوٹھ ، سرجانی ٹائون سیکٹر فائیو ڈی میں آپریشن کیے گئے۔

 



اس دوران مذکورہ علاقوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے علاقے میں نقل و حرکت بند کردی گئی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بڑی تعداد میں رینجرز اہلکار تعینات تھے ، گھر گھر تلاشی کے دوران لیڈی سرچر بھی ہمراہ تھیں، ترجمان نے مزید بتایا کہ لانڈھی 89 میں ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب ، لانڈھی میں منزل پمپ کے قریب، بن قاسم حب چیک پوسٹ اور بلدیہ ٹائون میں اسنیپ چیکنگ بھی کی گئی ، تمام تر کارروائیوں کے دوران 20 ملزمان کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کرلیے گئے ، ترجمان کا کہنا ہے حراست میں لیے گئے افراد میں لیاری گینگ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 113 چھاپوں، 6 پولیس مقابلوں کے دوران 167 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 107 اشتہاری و مفرور بھی شامل ہیں، ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، ڈکیتی و رہزنی اور منشیات فروشی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 36 ہتھیار اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی۔ رینجرز کی بھاری نفری گلستان جوہر میں واقع کلاسک اپارٹمنٹ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔رینجرز کے چھاپے اور محاصرے کے خلاف مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی ۔ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ رینجرز اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے بلاجواز چھاپے مار کر بے گناہ افراد کو مشتبہ بنا کر اپنے ہمراہ لے جاتے ہیں اور بعدازاں انھیں کسی بھی جرم میں ملوث کر کے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کے لیے دے دیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |