عدالت میڈیا اور پارلیمان سب ریموٹ کنٹرول سے چل رہےہیں بلاول بھٹو زرداری

صوبوں کے حقوق چیھنے جارہے ہیں، اب یہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری


ویب ڈیسک October 23, 2019
صوبوں کے حقوق چیھنے جارہے ہیں، اب یہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں عدالت،میڈیا اور پارلیمان سب ریموٹ کنٹرول سے چل رہے ہیں۔


اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں تھر کی عوام سے مخاطب ہوں، اس دھرتی کو دنیا صحرائے تھر کے نام سے جانتی ہے، تھر امن و مہمان نوازی کے لیے مشہور ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس ملک میں کوئی آئین نہیں تھا، عوام کے پاس حقوق نہیں تھے، شہید ذوالفقار بھٹو نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو بنا یا، جب ظالم ضیاء نے آمریت قائم کرکے قائد عوام کا عدالتی قتل کیا تو شہید بی بی اپنی عوام کی جدوجہد کے لیے عوام کی آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر ظالم، کٹھ پتلی، سلیکٹڈ اور آمریت کی پیداوار کا راج ہے، آج عوام کی حقوق صلب کئے جارہے ہیں، صوبوں کے حقوق چھینے جارہے ہیں، اب یہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ آپ کے حقوق پر سودا کرتے ہیں تاہم میں نکلا ہوں ان کو گرانے کے لیے، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ہٹانے کے لیے نکلا ہوں، عمران خان تو ظالم سندھ دشمن ہیں اور یہ ستارے والے بھی دھرتی کے غدار ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ کٹھ پتلی ستارے والے، عمران خان کی پالیسی کا ساتھ دے رہے ہیں، اب جمہوریت خطرے میں ہے، آپ میرے ساتھ ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکے گی، اس کٹھ پتلی کو گرائیں گے اور عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔