مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی فروخت بڑھ گئی

منڈی میں خریداروں کارش بڑھ گیا، منڈی میں اتوار کو تیزی کا امکان،4 من کی گائے75ہزار اور بیل 65 ہزار روپے میں فروخت ہوئے

جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔خریدار،فوٹو:فائل

سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ۔

ملک بھر سے لائے جانے والے قربانی کے جانوروں کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا،منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز میں مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی کمی سے جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے،ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی سخت نگرانی سے مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کو بہتر سہولت فراہم کی گئی اور بیوپاریوں سے کسی بھی مد میں اضافی رقم نہیں لی گئی ہے،تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر عید قرباں پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے ہفتے کو مویشی منڈی کا رخ کیا، بیوپاریوں اور گاہکوں میں قیمتوں پر بحث چلتی رہی، منڈی میں تین سے چار من کی گائے 55 ہزار سے 75 ہزار روپے میں فروخت کی گئی جبکہ اسی طرح اتنے ہی وزن کے بچھڑے (بیل) 50 ہزار سے65 ہزار روپے تک فروخت کیے گئے، خریداروں کا کہنا تھا کہ جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ یہاں تک جانور کو لاتے ہوئے بڑا خرچہ ہوا ہے قیمت نہ بڑھائیں تو نقصان ہوگا۔




انھوں نے بتایا کہ کرایے کے علاوہ جانوروں کے چارے اور پانی کے ساتھ ان کی حفاظت کے لیے لائے جانے والے عملے کا کھانا اور دیگر ضروریات پر بھی اچھا خاصا خرچہ ہو جاتا ہے،ہفتے کی صبح مویشی منڈی میں تیزی رہی جس میں اتوار کو اضافہ ہونے کا امکان ہے،منڈی میں قربانی کے جانور گھروں کو لے جانے والے مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بھی دل کھول کر کرایے طلب کیے شہریوں اور ڈرائیوروں کے درمیان کئی مقامات پر تلخ کلامی بھی ہوئی،گاڑی مالکان کا کہنا تھا کہ سی این جی کی بندش اور ہر چکر پر منڈی میں پارکنگ فیس دینی پڑتی ہے گاڑی پیٹرول یا ایل پی جی پر چل رہی ہے اس کے علاوہ ٹریفک پولیس والوں کو بھی خرچہ دینا پڑتا ہے،مویشی منڈی میں قائم بکرا منڈی میں بھی بے پناہ رش دیکھنے میں آیا۔

جہاں خریداروں کی بڑی تعداد موجود تھی بکرا منڈی میں اوسط وزن کے بکرے کی قیمت 20 سے 25 ہزار روپے طلب کی گئی جبکہ اس حوالے سے ایسے بکروں کا سودا 15ہزار سے 18ہزار روپے تک ہوا جبکہ اسی طرح بھاری بھرکم اور خوبصورت بکروں کی قیمتیں50 سے 65 ہزار روپے طلب کیے گئے۔

ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی شہاب علی کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں لائے جانے والے ایک لاکھ 60 ہزار قربانی کے جانور گائے اور بیلوں کی 65 فیصد سے زائد فروخت ہو چکی ہے اور آئندہ 2 روز میں مویشی منڈی میں جانوروں کی کمی سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے جبکہ بکرا منڈی میں لائے جانے والے بکروں کی تعداد 65 ہزار رہی اسی طرح مویشی منڈی میں 1100 اونٹ لائے گئے تاہم ان کی فروخت کا تناسب کم رہا ، انھوں نے بتایا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی سخت نگرانی کی وجہ سے مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کو بہتر سہولتیں فراہم کی گئیں جبکہ کسی بھی بیوپاری سے کوئی اضافی رقم نہیں لی گئی۔
Load Next Story