وزیراعظم کی اجازت کے بعد مریم نواز کی والد سے ملاقات

مریم نواز نے اپنے والد سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور دونوں نے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھایا

مریم نواز کی اسپتال میں زیر علاج نوازشریف سے ملاقات کے لیے انتظامات کیے جائیں، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت، فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب کی خصوصی اجازت ملنے پر مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے اسپتال میں ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی خصوصی اجازت کے بعد مریم نواز کو جیل سے سخت سیکیورٹی میں سروسز اسپتال پہنچیں، جہاں انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کی ۔ جیل رولز کے مطابق خواتین قیدی مغرب کے بعد جیل سے باہر نہیں جا سکتیں تاہم مریم نواز کو پیرول پر رہائی کی خصوصی اجازت پر والد کی عیادت کے لئے اسپتال لایا گیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پنجاب حکومت کی خصوصی اجازت کے بعد اپنے والد سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور دونوں نے ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھایا ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کو دی جانے والی علاج معالجے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹیلیفون پرانہیں مریم نواز کی نوازشریف سے ملاقات کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کی اسپتال میں زیرعلاج نوازشریف سے ملاقات کے لیےانتظامات کیے جائیں ۔


واضح رہے کہ وزیراعظم پہلے ہی اسپتال میں زیر علاج نوازشریف کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی قیادت میں سینئر پارٹی وفد نے محمد نوازشریف سے اسپتال میں ملاقات کی جس میں نوازشریف نےاسپتال کے باہر یکجہتی کے لیے آنے والے پارٹی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اورکارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد ابھی کم ہے قوم اور کارکنان سے محمد نوازشریف کی صحت میں مزید بہتری کے لئے دعا جاری رکھنے کی اپیل ہے۔
Load Next Story