پہلا ٹیسٹ رنز کی برسات کے بعد آسمان بھی برس پڑا

سوہاگ کی اولین سنچری، بنگلہ دیش نے501رنز بنائے،کیویز کا 117 پر 1 پلیئر آؤٹ

چٹاگانگ میں چوتھے دن کا کھیل تیز بارش کے سبب مقررہ وقت سے قبل ختم ہوا۔فوٹو:فائل

چٹاگانگ ٹیسٹ میں رنز کی برسات کے بعد آسمان بھی برس پڑا، میچ کا ڈرا ہونا یقینی ہو گیا، مومن الحق کے بعد سوہاگ غازی بھی کیوی بولرز کیلیے سوہان روح بن گئے۔

ان کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پاتے ہوئے بنگلہ دیش نے501 کا مجموعہ ترتیب دے دیا، یوں اسے32رنز کی برتری ملی، مہمان ٹیم نے چوتھے دن ایک وکٹ کے نقصان پر 117رنز جوڑ لیے، اس کی مجموعی سبقت 85رنز ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چٹاگانگ میں چوتھے دن کا کھیل تیز بارش کے سبب مقررہ وقت سے قبل ختم ہوا، نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 117 رنز بناکر 85 کی مجموعی سبقت پا لی، اوپنر پیٹر فلٹن44 اور کین ولیمسن28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ہمیش ردرفورڈ32رنز بنانے کے بعد ناصر حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کو 380-7 سے شروع کیا۔




7 رنز کے اضافے سے عبدالرزاق(7 )کو ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کردیا، دوسرے اینڈ پر موجود سوہاگ غازی نے روبیع الاسلام کے ہمراہ نویں وکٹ کیلیے 105رنز جوڑے، روبیع لنچ کے فوری بعد کیریئر بیسٹ 33رنز بناکر بریسویل کی گیند پر وکٹ کیپر برینڈن ٹیلر کا کیچ بن گئے، روبیل حسین (4) کا کیچ ایش سودھی کی گیند پر ٹیلر نے ہی قابو کیا، سوہاگ غازی نے 161 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے کیریئر کی اولین ٹیسٹ سنچری( 101 ناٹ آئوٹ) بنائی، انھوں نے 10 چوکے لگائے، سوہاگ کے2 کیچز بھی ڈراپ ہوئے، ایک موقع پر بروس مارٹن ریٹرن کیچ تھامنے میں ناکام رہے جبکہ دوسرے موقع پر ٹرینٹ بولٹ بھی گیند کو نہ سنبھال سکے،22 سالہ آف اسپنر کا اس سے قبل 6 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور 32 تھا۔
Load Next Story