سڑکوں سے پانی کی نکاسی اور صفائی کے اقدامات کو موثر بنایا جائے وزیر بلدیات

شہر کی تمام شاہراہوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ اور ٹریفک کی روانی ہر حال میں برقرار رکھی جائے


Staff Reporter October 13, 2013
اویس مظفر کامختلف علاقوں کا اچانک دورہ،شاہراہوں پر ٹریفک جام کا نوٹس لیا،ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ فوٹو: فائل

KARACHI: سندھ کے وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے ہفتہ کی شب کراچی کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا ۔

انھوں نے شہر میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور رین ایمرجنسی کے حوالے سے کراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا، وزیر بلدیات نے گلستان جوہر ، ملیر ، کورنگی ، شاہ فیصل کالونی ، قائدآباد ، لانڈھی، لیاقت آباد ،گلبہار ،ناظم آباد ، فیڈرل بی ایریا سمیت دیگرعلاقوں کے دورے کے دوران شہر میں نکاسی آب اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا،اس موقع پراویس مظفر نے کراچی کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کی صورت حال کا بھی نوٹس لیا اور ڈی آئی جی ٹریفک سے رابطہ کرکے انھیں ہدایت کی کہ کراچی میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔



تاکہ شہری سکون کے ساتھ اپنی منزل مقصود پر پہنچ سکیں، وزیربلدیات نے ایڈمنسٹریٹرکراچی کو ہدایت کی کہ بارش کے بعد شہرکی شاہراہوں پر جمع ہونے والے پانی کی ہنگامی بنیادوں پر نکاسی کے انتظامات کیے جائیں، انھوں نے مزید ہدایت کی کہ عیدالاضحی سے قبل تمام علاقوں میںصفائی کیلیے مؤثرمہم چلائی جائے، اہم شاہراہوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے ،انھوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر آلائشیں اٹھانے اور انھیں مدفون کرنے کیلیے بھی مؤثر پلان بنایا جائے،عیدالاضحی پر تمام بلدیاتی عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے، انھوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ، میونسپل کمشنر کراچی،پانچوں اضلاع کے میونسپل ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،کوتاہی کے مرتکب افسران کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔