مزدوری میں ازخود اضافہ این ایچ اے کو 12 لاکھ روپے کا نقصان

کراچی ناردرن بائی پاس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے معاوضہ 25 روپے گھنٹہ سے 82 روپے کردیا

کام کی نگرانی طے شدہ اصول وضوابط کے مطابق نہ کر نے پرریذیڈینٹ انجینئرکے خلاف کارروائی کی جائے, آڈٹ حکام کی ہدایت، فوٹو : فائل

این ایچ اے حکام نے مزدوروںکے طے شدہ معاوضے میں ازخود اضافہ کرکے ادارے سے12لاکھ 30 ہزارروپے کی اضافی ادائیگی کردی۔

کراچی میں ناردرن بائی پاس(پیکج ون)کے پروجیکٹ ڈائریکٹرنے مزدورکی طے شدہ اجرت25روپے فی گھنٹہ کے بجائے82روپے گھنٹہ کردی۔ ریٹ اینالائسز چارٹ کے مطابق ادارے نے مزدورکی جواجرت مقررکی تھی وہ ریت بھرائی کیلیے25روپے فی گھنٹہ تھی جبکہ ادائیگی 82.03روپے کے حساب سے کی گئی۔اس سلسلے میں این ایچ اے حکام کاکہناہے کہ مجازحکام نے اضافے کی منظوری دی لیکن آڈٹ حکام نے اس موقف کو مسترد کردیا کیونکہ اسی ٹھیکیدارکواسی جگہ اوراسی نوعیت کے کام پر لیبرکی ادائیگی کی گئی جو واجب الوصول ہے۔




آڈٹ حکام نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ادا شدہ ریٹ کی تصدیق کیلیے مناسب طریقے سے ریٹس تیارکرنے کے ساتھ اضافی رقم کی وصولی اور ذمے داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی کہاکہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف کنسلٹنگ انجینئرزکے تعمیراتی معیارات کو ملحوظ خاطررکھا جائے،آڈٹ حکام نے کہاکہ کام کی نگرانی طے شدہ اصول وضوابط کے مطابق نہ کر نے پرریذیڈینٹ انجینئرکے خلاف کارروائی کی جائے۔
Load Next Story