پاکستان آنے پر بنگلا دیشی ٹیم کے شکرگزار ہیں بسمہ معروف

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ہوم گراؤنڈ پر تیاریوں کا اچھا موقع ہے جس سے فائدہ اٹھائیں گے، کپتان قومی ٹیم

پاکستان کےخلاف سیریز کیلیے پرجوش ہیں، کپتان بنگلادیش ویمنز ٹیم - فوٹو: ایکسپریس

قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے پر بنگلا دیش ٹیم کے شکرگزار ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قوت ہمیشہ بولنگ رہی لیکن دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے، بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی 6 اہم پلیئرز سری لنکا میں جاری ایشین کپ میں شریک ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا، ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل یہ ہوم گراؤنڈ پر تیاریوں کا اچھا موقع ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔




ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق کوچ مارک کولز کا کام کرنے کا انداز بہترین تھا، ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، چھوٹی موٹی چیزیں ہوتی رہتی ہیں لیکن ان کے سخت رویہ کے مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے، ندار ڈار کی قومی ٹیم میں شمولیت کے بجائے بگ بیش لیگ کھیلنے کے سوال پر بسمہ معروف نے کہا کہ فیصلہ بورڈ نے کیا ہے تاہم پاکستانی کرکٹرز کو ایک بڑے پلیٹ فارم پر کھیلنے کی ضرورت تھی، اگر ندا کو موقع ملا تو اچھی بات ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان سلمی خاتون نے کہا کہ پاکستان کےخلاف سیریز کیلیے پرجوش ہیں، ورلڈکپ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے، بہترین کرکٹ کھیلیں گی، پاکستان بہتر ٹیم ہے، ہمیں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنا ہوگا۔
Load Next Story