فضل الرحمان کا نواز شریف اور بلاول کو فون آزادی مارچ کے لائحہ عمل پر گفتگو

بیماری میں بھی نواز شریف نے آزادی مارچ میں کارکنان کی بھرپور شرکت کا اعادہ کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں، فضل الرحمان


ویب ڈیسک October 24, 2019
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے ملک کی موجودہ صورتحال اور آذادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا (فوٹو: فائل)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور آزادی مارچ کے حوالے سے بات چیت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کرادی اور استفسار کیا کہ میں آزادی مارچ میں کس جگہ سے شرکت کروں؟ جس پر مولانا نے بلاول کو مشورہ دیا کہ آپ سکھر سے آزادی مارچ میں شامل ہوجائیں جواب میں بلاول نے ایک سے دو روز میں لاڑکانہ آمد اور وہیں ملاقات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو بھی فون کیا ان سے خیریت دریافت کی اور نوازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس تشویش ناک حالت میں بھی نواز شریف نے آزادی مارچ میں مسلم لیگ کے کارکنان کی بھرپور شرکت کا اعادہ کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بھی گفتگو کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں